ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے میں افغانستان اور بھارت کے درمیان کھیلا گیا میچ برابر ہوگیا بھارتی ٹیم 253 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 252 پر آل آؤٹ ہوگئی۔
دبئی میں کھیلے گئے سپرفور مرحلے کے پانچویں میچ میں افغان ٹیم کے کپتان نے ٹاس جیتا اور پہلے بیٹنگ کرنے کو ترجیح دی۔ اوپنر محمد شہزاد نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے سنچری اسکور کی، انہوں نے 116 گیندوں پر 124 رنز بنائے جس میں 11 چوکے اور 7 چھکے شامل تھے۔
محمد نبی نے 64، نجیب اللہ زردان نے 20، گلبدین نائب نے 15 اور راشد خان نے 12 رنز بنائے۔ افغانستان نے مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 252 رنز بنائے۔
بھارت کی جانب سے جڈیجا نے سب سے زیادہ 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، یادیو نے 2 جب کہ احمد، چاہار اور جداوو نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
بھارتی بیٹنگ
بھارتی بیٹنگ کا آغاز لوکیش راہول اور ریادو نے کیا۔ راہول نے 66 گیندوں پر 60 رنز بنائے اور راشد خان کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے جب کہ ریادو نے 57 رنز اسکور کیے۔
اسی طرح دنیش کارتھک نے 44، دھونی نے 8، پانڈے نے 8، یادیو نے 19، جڈیجا نے 25 رنز بنائے۔ افغان بالر نے فتح کے حصول کے لیے بھارتی بلے بازوں کو کریز پر ٹکنے نہیں دیا۔ ایک گیند قبل راشد خان کی گیند پر جڈیجا کیچ آؤٹ ہوگئے یوں بھارتی ٹیم 252 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی جس کے بعد میچ برابر ہوگیا۔
افغان بالنگ سائیڈ میں آفتاب عالم، محمد نبی اور راشد خان نے دو دو وکٹیں جب کہ جاوید احمدی نے ایک وکٹ حاصل کی بقیہ کھلاڑی رن آؤٹ ہوئے۔