پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ ہم کیویز کو کمزور حریف سمجھنے کی غلطی نہیں کر سکتے، فخر زمان نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کے پہلے میچ کے لیے دستیاب نہیں ہوں گے۔
ایکسپریس کے مطابق نیوزی لینڈ سے سیریز کے پہلے میچ سے قبل پریس کانفرنس کرتے ہوئے کپتان سرفراز احمد نے کہا کہ مہمان ٹیم میں کئی میچ ونر کھلاڑی شامل ہیں جن میں کپتان کین ولیم سن اور کولن منرو سمیت اچھے بیٹسمین موجود ہیں جب کہ ایڈم ملن کی واپسی سے پیس بیٹری بھی مضبوط ہوئی ہے جب کہ ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں کوئی ٹیم کمزور نہیں ہوتی۔
سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ آسٹریلیا کے خلاف سیریز میں فتح ماضی کا حصہ بن چکی اب ہمیں بہترین کارکردگی پیش کرنا ہوگی اور ہم پہلے میچ میں کامیابی کے ساتھ سیریز کا فاتحانہ آغاز کرنا چاہیں گے۔
کپتان نے فخرزمان کے حوالے سے بتایا کہ ابوظہبی میں آج کھیلے جانے میچ میں فخر زمان نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کے پہلے میچ کے لیے دستیاب نہیں ہوں گے بلکہ بابر اعظم کے ساتھ صاحبزادہ فرحان ہی اننگز کا آغاز کریں گے۔
کپتان سرفراز احمد نے بتایا کہ فخر زمان کے فٹنس مسائل برقرار ہیں اس لیے وہ نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے میچ میں شرکت کرنے کے بجائے آرام کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ کینگروز کے خلاف تیسرے میچ میں شرکت کرنے والی باقی پلیئنگ الیون تو برقرار رہے گی جب کہ صرف عثمان شنواری یا شاہین آفریدی میں سے کسی ایک کو کھلانے کا فیصلہ کرنا باقی ہے۔