پاکستانی لیفٹ آرم اسپنرانعم امین حالیہ ویمنزٹوئنٹی20 ایشیاکپ میں عمدہ پرفارمنس کی بدولت 13 درجے ترقی ملنے پر ٹاپ 5میں شامل ہوگئیں انھیں پانچویں پوزیشن ملی بھارتی لیگ اسپنر پونم یادیو نے ویسٹ انڈین بولر ہیلی میتھیو سے تیسری پوزیشن چھین لی۔
تفصیلات کے مطابق نئی ویمنز ٹوئنٹی20 ر ینکنگ میں پاکستانی لیفٹ آرم اسپنر انعم امین 13درجے ترقی ملنے پر ٹاپ 5 میں شامل ہوگئیں، انھیں حالیہ ویمنزٹوئنٹی 20 ایشیا کپ میں عمدہ پرفارمنس کی بدولت پانچویں پوزیشن ملی، انعم نے کوالالمپور میں منعقدہ ایونٹ میں چارمیچز میں 2.43 کا اکانومی ریٹ رکھتے ہوئے 3 وکٹیں اپنے نام کیں، بھارتی لیگ اسپنر پونم یادیو نے ویسٹ انڈین بولر ہیلی میتھیو سے تیسری پوزیشن چھین لی، انھوں نے ایشیا کپ کے 6 مقابلوں میں 7 شکار کیے، جس میں فائنل میں ان کی9 وکٹ کے عوض 4 وکٹوں کی پرفارمنس بھی شامل ہے۔
ان کا اکانومی ریٹ 3.76 رہا، آسٹریلیا کی میگن شٹ پہلے اورنیوزی لینڈ کی آف اسپنر لیگھ کیسپریک دوسرے نمبر پر ہیں، ٹائٹل فاتح بنگلہ دیش نے ایونٹ میں بھارت کو دو اور پاکستان کو ایک بار شکست سے دوچار کیا، ان کی پلیئر زنے بھی نئی رینکنگ میں نمایاں بہتری حاصل کی، آل رائونڈ پرفارمنس کی بدولت فائنل کی بہترین کھلاڑی کا اعزاز پانے والی رومانہ احمدترقی کے 6 زینے طے کرتی ہوئیں آل رائونڈرز فہرست میں12ویں نمبر پر آگئیں، آف اسپنر خدیجتہ الکبریٰ نے کیریئر بیسٹ 537 پوائنٹس جوڑ کر بولنگ میں 13ویں پوزیشن پر قبضہ جمالیا، انھیں ایک درجے ترقی ملی۔
215 رنز بناکر ایونٹ کی بہترین کھلاڑی قرار پانے والی بھارتی کپتان ہرمنپریت کور نے ایک درجے بہتری ملنے پر ساتویں پوزیشن حاصل کرلی، سمرتی مندھانا 2 درجے تنزلی کے بعد نویں نمبر پر چلی گئیں۔ویسٹ انڈیز کی اسٹیفنی ٹیلر پہلے، نیوزی لینڈ کی سوزی بیٹس دوسرے، آسٹریلوی اسٹارمیگ لیننگ تیسرے، ان کی ہموطن بیتھ مونی چوتھے اور ویسٹ انڈین بیٹسویمن دیندرا ڈوٹن ٹاپ 5میں شامل ہیں۔