ہیڈ کوچ کی توجہ اسٹرائیک ریٹ بہتر بنانے پر مرکوز

ایڈنبرا: اسکاٹ لینڈ سے ٹی ٹوئنٹی سیریزکی تیاری کیلیے پاکستان ٹیم کی ٹریننگ کا سلسلہ دوسرے روز بھی جاری رہا جب کہ ہیڈ کوچ مکی آرتھر کی توجہ اسٹرائیک ریٹ بہتر بنانے پر مرکوز رہی۔

پاکستان ٹیم کی ٹریننگ کے دوسرے روز ہیڈ کوچ کی توجہ اسٹرائیک ریٹ بہتر بنانے پر مرکوز رہی، فخرزمان، احمد شہزاد اور حارث سہیل دل کھول کر اسٹروکس کھیلنے کے ساتھ رننگ بہتر بنانے کیلیے بھی کوشاں رہے،شعیب ملک نے بھی اپنی ٹائمنگ بہتر بنائی، حسین طلعت نے بیٹ اور بال دونوں سے اپنی صلاحیتوں کا اظہار کیا اور چند اچھے اسٹروکس پر بیٹنگ کوچ گرانٹ فلاور کی داد سمیٹی۔

فہیم اشرف نے بھی بیٹنگ سیشن میں کریز سے باہر نکل کر جارحانہ اسٹروکس کھیلے، پیسرز نے رنز کو کنٹرول کرنے کیلیے اظہر محمود کے مشوروں پر عمل کیا، شاداب خان اور محمد نواز نے دوسرے نیٹ میں اسپن بولنگ کا جادو جگایا۔