ایشیاکپ پر چھائے سیاہ بادل: پاکستان متبادل پلان تیار کرنے لگا

میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے بھارت میں شیڈول ورلڈکپ 2023 کے لئے دو طرفہ اور سہ فریقی سیریز کے انعقاد کے لئے بھی دیگر بورڈز سے رابطے شروع کردیئے ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پی سی بی حکام نے ہوم گراؤنڈ پر جنوبی افریقہ، ویسٹ انڈیز اور آئرلینڈ کرکٹ بورڈ سے دو طرفہ یا سہ فریقی سیریز کا منصوبہ بنایا ہے۔

ایشیاکپ کی اس بار میزبانی پاکستان کے سپرد ہے تاہم بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) اپنی ٹیم پاکستان بھیجنے سے صاف انکار کرچکا ہے جبکہ ایشین کرکٹ کونسل کے صدر جے شاہ نے ٹورنامنٹ کو پاکستان سے باہر کروانے کی تجویز دی ہے۔

جس پر پی سی بی نے کہا تھا کہ اگر بھارت پاکستان نہیں آنا چاہتا تو اس کے میچز دبئی یا کسی اور نیوٹرل وینیو پر منعقد کروائے جاسکتے ہیں تاہم بی سی سی آئی اس پر بھی راضی نہیں، بورڈ حکام کا کہنا ہے کہ اگر بھارت ضد پر اَڑا رہا تو ایشیاکپ کے مستقبل اور ورلڈکپ 2023 میں پاکستان کی شرکت پر بھی سوالیہ نشان لگ جائے گا۔

اس سے قبل انڈین میڈیا نے گزشتہ روز رپورٹس شائع کی تھیں کہ ایشین کرکٹ کونسل نے ٹورنامنٹ کو پاکستان سے کسی دوسرے ایشیائی ملک میں منتقل کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے اور اس سلسلے میں سری لنکا کو موزوں ترین وینیو قرار دیا جارہا ہے جبکہ بی سی بی، اے سی بی بھی ایشیا کپ کی میزبانی میں دلچسپی رکھتے ہیں۔

توقع کی جارہی ہے کہ اس سلسلے میں رواں ماہ کے آخر تک میزبان ملک کے نام کا اعلان کردیا جائے گا۔