ڈیوڈ وارنر اور ایرون فنچ نے بھارتی غرور اپنے پائوں تلے روند ڈالا، کینگروز نے گھر میں گھس کر کوہلی الیون کا شکار کرلیا۔
اوپنرز کی ریکارڈ شراکت سے تقویت پاکر پہلے ون ڈے میں آسٹریلیا نے 10 وکٹ سے فتح سمیٹ لی، ٹیم نے256 رنز کا ہدف 74 بالز قبل ہی حاصل کرلیا، وارنر 128 اور فنچ 110 رنز پر ناقابل شکست رہے، اس سے قبل میزبان ٹیم 255 رنز پر آئوٹ ہوگئی، شیکھر دھون 74 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، مچل اسٹارک نے 3 وکٹیں لیں۔
ممبئی کے وینکھیڈے اسٹیڈیم پر کینگروز نے 256 رنز کا ہدف 37.4 اوورز میں بغیر کسی نقصان کے حاصل کیا، وارنر نے 112 بالز پر 3 چھکوں اور 17 چوکوں کی مدد سے ناقابل شکست 128 رنز بنائے، فنچ 110 رنز پر ناٹ آئوٹ رہے۔ انھوں نے 114 بالز میں سے 2 پر چھکے اور 13 پر چوکے جڑے۔ یہ بھارت کی مجموعی طور پر پانچویں جبکہ اپنے ملک میں ون ڈے میچ میں 10 وکٹ کی دوسری شکست ہے۔ آسٹریلیا نے اس مارجن سے پانچویں کامیابی حاصل کی ہے۔
ایک روزہ کرکٹ میں 256 سے بڑا ہدف صرف ایک مرتبہ بغیرنقصان کے حاصل کیا گیا جب 2017 میں بنگلہ دیش کے خلاف جنوبی افریقہ نے 279 رنز بنا لیے تھ۔ وارنر اور فنچ کے درمیان 258 رنز کی شراکت کسی بھی وکٹ اورجوڑی کی جانب سے بھارت کیخلاف سب سے بڑا اسکور ہے۔
اس سے قبل بھارت کی پوری ٹیم 49.1 اوور میں 255 رنز پر آئوٹ ہوگئی، دھون 74 اور لوکیش راہول 47 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، کوہلی صرف 16 اور روہت 10 رنز بنا سکے۔ اسٹارک نے 3 جبکہ کمنز اور رچرڈسن نے 2، 2 وکٹیں لیں۔