نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں پاکستان اور سری لنکا کے درمیان کھیلے گئے دوسرے ون ڈے میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 305 رنز بنائے جس میں سب سے شاندار اننگز بابر اعظم کی تھی۔ بابر اعظم نے 105 گیندوں کا سامنا کیا اور 115 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی۔
میچ کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے بابر اعظم نے کہا کہ اپنے گھر میں اپنے ہوم کرائوڈ کے سامنے کھیلنے کا جو مزہ ہے وہ دنیا میں کہیں اور نہیں کیونکہ اپنے گرائونڈز میں کھیلتے ہوئے کسی قسم کا کوئی پریشر نہیں ہوتا، ہم نے ہوم کرائوڈ کے سامنے پی ایس ایل بھی کھیلی ہے اور ویسٹ انڈیز کے ساتھ بھی میچ کھیلے ہیں اور اس سے خوب لطف اندوز ہوئے ہیں۔
بابر اعظم کا کہنا تھا کہ وہ ٹیم میں اپنے بیٹنگ آرڈر سے مطمئن ہیں اور جہاں تک ممکن ہوسکا اسی نمبر پر کھیلتے رہیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ ہر میچ میں اپنی سو فیصد پرفارمنس دینے کی کوشش کرتے ہیں، جب انہیں کھُل کر کھیلنے کا موقع ملتا ہے تو وہ اس سے خوب فائدہ اٹھاتے ہیں اور تیزی سے رنز اسکور کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔
پاکستان اور سری لنکا کے درمیان جاری سیریز میں بابر اعظم کو نائب کپتان بنایا گیا ہے اس حوالے سے ان کا کہنا ہے کہ یہ پی سی بی کا فیصلہ ہے انہوں نے کبھی ٹیم کا کپتان یا نائب کپتان بننے کی خواہش نہیں کی کیونکہ ان کا سارا دھیان ان کے کھیل پر ہے اور وہ چاہتے ہیں کہ ہر میچ میں پاکستان کے لیے کھیلیں اور اپنی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کریں۔
پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ہونے والے دوسرے ون ڈے میں پاکستان نے سری لنکا کو 67 رنز سے ہرا کر ون ڈے سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کرلی ہے۔ سیریز کا پہلا میچ بارش کی نذر ہوگیا تھا جبکہ تیسرا اور آخری میچ بدھ کے روز نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائے گا