کوالالمپور: ٹی ٹوئنٹی وومین ایشیا کپ ٹورنامنٹ میں بھارت نے پاکستان کو 7 وکٹوں سے ہرا کر فائنل میں رسائی حاصل کرلی۔
کوالالمپور میں کھیلے جانے والے میچ میں گرین شرٹس نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 7 وکٹوں کے نقصان پر 72 رنز بنائے۔ ثناء میر 20، ناہیدہ خان 18 کے سوا کسی کو ڈبل فیگر تک رسائی کا موقع نہ ملا۔ بھارت کی ایکتا بشٹ نے 3 شکار کئے۔
بھارت نے 3 وکٹوں کے نقصان پر 17 ویں اوور میں ہدف عبور کرلیا، اس فتح کے ساتھ بھارتی ٹیم فائنل میں پہنچ گئی۔ بھارت کے ہاتھوں 7 وکٹ سے مات کھانے کے بعد 6 پوائنٹس تک محدود رہنے والی گرین شرٹس کی ایونٹ میں بقا کا انحصار اس بات پر تھا کہ بعد ازاں کھیلے جانے والے میچ میں میزبان ٹیم بنگلہ دیش کو زیر کرلے۔
ایسا ہونے پر بھارت کے ساتھ فائنل کھیلنے والی دوسری ٹیم کا فیصلہ نیٹ رن ریٹ پر ہوتا لیکن اس کی نوبت ہی نہیں آئی۔ بنگلہ دیش نے ملائیشیا کو 70 رنز سے شکست دیکر پاکستان کو بھی رخصتی کا پروانہ جاری کردیا،131 رنز کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے میزبان ٹیم 9 وکٹ پر 60 رنز ہی بناپائی۔