جوز بٹلر نے کینگروز کے تابوت میں آخری کیل ٹھونک دی

مانچسٹر: جوزبٹلر نے کینگروز کے تابوت میں آخری کیل ٹھونک دی جب کہ پانچویں میچ میں ایک وکٹ کی فتح سے انگلینڈ نے آسٹریلیا کو وائٹ واش کردیا۔

پانچویں اور آخری ون ڈے میں انگلینڈ نے 206 رنز ہدف کا تعاقب نہایت مایوس کن انداز میں شروع کیا جب اس کی پانچ وکٹیں صرف 53 رنز کے دوران گرگئیں۔

جیسن روئے (1) کو ایشٹون ایگر نے بولڈ کیا جبکہ جمی بیئر اسٹو (12) ، جوئے روٹ (1) اور ایون مورگن (0) بلی اسٹینلیک کا شکار بنے، الیکس ہیلز 20 رنز بناکر رچرڈسن کی گیند پر پین کی وکٹ بنے، معین علی (16) کو اسٹوئنس نے لیون کی مدد سے قابو کیا، سام کیورن (15) اور لیام پلنکٹ (0) رچرڈسن کی وکٹ بنے، ہدف کے قریب عادل رشید (20) بھی آؤٹ ہوگئے تاہم دوسرے اینڈ پر موجود بٹلر ڈٹے رہے اور آخر میں چوکا جڑ کر ٹیم کو کامیابی سے ہمکنار کردیا، انھوں نے 122 بالز پر ایک چھکے اور 12 چوکوں کی مدد سے 110 رنز بنائے، اسٹینلیک اور رچرڈسن نے 3، 3 وکٹیں لیں

اس سے قبل معین علی کی تباہ کن بولنگ کی بدولت آسٹریلوی ٹیم 34.4 اوورز میں ہی 205 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی، ٹریویس ہیڈ نے سب سے زیادہ 56 رنز 42 بالز پر 9 چوکوں کی مدد سے بنائے، ڈی آرسی شارٹ 47 اور کیری 44 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، شان مارش صرف 8 رنز بنا پائے، معین علی نے 46 رنز کے عوض 4 وکٹیں لیں، سام کیورن نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔