پاکستان کرکٹ بورڈ کی کرکٹ کمیٹی کا آئندہ اجلاس 2 اگست کو نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں ہوگا جس میں ون ڈے کرکٹ کے لیے قومی ٹیم کے نئے ممکنہ کپتان کا اعلان کیا جائے گا۔ اس سلسلے میں محمد حفیظ، عماد وسیم اور مڈل آرڈر بیٹسمین بابراعظم کا نام لیا جارہا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ قومی ٹیم کے موجودہ کپتان سرفراز احمد کو ممکنہ طور پر صرف ٹیسٹ کرکٹ کے لئے کپتان برقرار رکھا جائے گا۔
کرکٹ کمیٹی کے اجلاس میں محمد حفیظ، عماد وسیم اور بابر اعظم کے بارے میں بات چیت کی جائے گی۔ جس کے بعد کمیٹی اپنی سفارشات بورڈ کے چیئرمین احسان مانی کے گوش گزار کرے گی۔
کرکٹ کمیٹی کے اجلاس کی صدارت پی سی بی کے مینجنگ ڈائریکٹر وسیم خان اور مرد و خواتین کے ٹیموں کے سابق کپتان وسیم اکرم، مصباح الحق اور عروج ممتاز مشترکہ طور پر کریں گے۔ جبکہ اس موقع پر ڈائریکٹر انٹرنیشنل کمیٹی ذاکر خان، ڈائریکٹر اکیڈمیز مدثر نذر اور ڈائریکٹر ڈومیسٹک کرکٹ ہارون رشید بھی موجود ہوں گے۔
کمیٹی اجلاس کے ایجنڈے میں پاکستان کی مرد و خواتین کی کرکٹ ٹیموں کے ساتھ ساتھ انڈر 16 اور انڈر 19 کی ٹیموں کی کارکردگی کا جائزہ بھی شامل ہے
سابق چیف سلیکٹر انضمام الحق، ہیڈ کوچ مکی آرتھر اور سرفراز احمد کو بھی اجلاس میں مدعو کیا گیا ہے جو قومی کرکٹ ٹیم کی مجموعی کارکردگی کے حوالے سے اپنا تجزیہ پیش کریں گے۔
وسیم اکرم کمیٹی اجلاس میں ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوں گے۔
ذرائع کے مطابق پی سی بی نیشنل ٹیم کے لئے مقامی ہیڈ کی تعیناتی پر بھی غور کررہا ہے تاہم اس بارے میں ابھی تک کوئی حتمی نام سامنے نہیں آیا۔