تلافی پانے کے چکر میں پی سی بی نے مزید زر لٹا دیا

بھارت سے زر تلافی پانے کے چکر میں پی سی بی نے مزید زر لٹا دیا۔

پاکستان نے باہمی سیریز کھیلنے کا معاہدہ پورا نہ کرنے پر بھارت کیخلاف 63 ملین ڈالر کا مقدمہ کیا تھا جس کا نتیجہ خلاف سامنے آیا، اب مزید رقم بھی ضائع ہونے کا خدشہ ہے، بھارتی کرکٹ بورڈ نے اخراجات وصول کرنے کیلیے پی سی بی پر ایک اور کیس کرنے کا عندیہ دیا ہے۔

ذرائع کے مطابق ایسے کیسز میں دونوں پارٹیز اور تنازعات کمیٹی اپنے اپنے اخراجات کی مکمل تفصیل پیش کرتی ہیں، پھر دونوں پارٹیز میں سے جس کے خلاف فیصلہ آئے اسے ادائیگی کرنا پڑتی ہے، اب پاکستان کو بھی دونوں کو رقم دینا پڑ سکتی ہے، اسے چیلنج بھی نہیں کیا جا سکتا۔

بھارت سے قانونی جنگ کیلیے نجم سیٹھی کے دور میں پی سی بی نے تقریباً ایک ملین پاؤنڈ کا بجٹ رکھا تھا، اس کیلیے پاکستان سمیت برطانوی وکلا کی بھی خدمات حاصل کی گئیں، سابق چیئرمین نجم سیٹھی و دیگر آفیشلز نے انگلینڈ کے کئی ٹورز کیے، اس سب پرتقریباً8 کروڑ روپے خرچ ہوئے۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ سابق چیئرمین نجم سیٹھی نے ہی بگ تھری کی حمایت پر بھارت سے کئی سیریز کا کھوکھلا معاہدہ کیا تھا،انھوں نے اپنے آپ کو درست ثابت کرنے کیلیے ثالثی کمیٹی میں کیس کرایا حالانکہ اس وقت بھی بعض آفیشلز کا خیال تھا کہ اس کا کوئی فائدہ نہیں ہونے والا اور اب ایسا ہی ہوا ہے۔