سہ ملکی ٹی ٹوئنٹی سیریز کے فائنل کی ڈریس ریہرسل آج ہوگی۔
زمبابوے کو دونوں میچز میں شکست دیکر پاکستان ٹیم فائنل میں پہنچ چکی،دوسری جانب انگلینڈ میں پے درپے شکستوں کے بعد سہ ملکی ٹی ٹوئنٹی سیریز میں زبردست فارم کا مظاہرہ کرنے والے کینگروز نے گرین شرٹس کے بعد زمبابوے کو بھی آؤٹ کلاس کیا۔
آسٹریلوی کپتان ایرون فنچ کا بیٹ خوب چل رہا ہے،بلی اسٹین لیک نے پاکستانی ٹاپ آرڈر کا صفایا کرتے ہوئے بیٹنگ لائن کا اعتماد متزلزل کیا تو فنچ نے جارحانہ ففٹی جڑتے ہوئے میچ میں واپسی کی امیدوں پر پانی پھیر دیا،زمبابوے کیخلاف میچ میں تو انھوں نے ورلڈ ریکارڈ انفرادی اننگز کھیلتے ہوئے 172رنز بنا دیے۔
آج کا میچ پوائنٹس کے حوالے سے تو دونوں ٹیموں کیلیے غیر اہم لیکن اتوار کو شیڈول فائنل کی گرینڈ ریہرسل سمجھا جا رہا ہے، زمبابوے کیخلاف کامیاب لیکن کینگروز کے سامنے ناکام پاکستانی بیٹنگ لائن کی بہتر کارکردگی بحالی اعتمادکیلیے اہم ہوگی،محمد حفیظ کی ناکامی کے بعد فخرزمان کے ساتھ آزمائے جانے والے حارث سہیل بھی بطور اوپنر اچھی کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کرسکے۔
پاکستان فائنل سے قبل صاحبزادہ فرحان کو آزمانے کا فیصلہ کرسکتا ہے،حسین طلعت اچھی فارم میں ہیں،سرفراز احمد نے بھی بیٹ سے گرد جھاڑ لی، سیریز کا پہلا میچ کھیلنے والے تجربہ کار پیسر محمد عامر کی کارکردگی بھی اہم ہوگی، شاداب خان کی بیٹنگ میں پرفارمنس بہتری کی جانب گامزن جبکہ اسپن کا جادو نہیں چل رہا،نوجوان کرکٹر فنچ،آرسی شارٹ اور میکسویل جیسے پاور ہٹرز کے سامنے دباؤ میں ہوں گے۔