پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ ڈرا ہوگیا۔
دبئی ٹیسٹ کے آخری روز پاکستان کی جانب سے دیے گئے 462 رنز کے ہدف کے تعاقب میں آسٹریلیا کی ٹیم نے 8 وکٹوں کے نقصان پر 362 رنز بنائے، کینگروز نے آج اننگز کا آغاز 3 وکٹوں کے نقصان پر 136 رنز سے کیا تاہم صرف 83 رنز کے اضافے کے بعد ٹراوس ہیڈ 72 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے، عثمان خواجہ نے پاکستانی بولرز کے خلاف مزاحمت جاری رکھی اور سنچری اسکور کرتے ہوئے 141 رنز کی اننگز کھیلی تاہم وہ یاسر شاہ کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔
پاکستان کی جانب سے یاسر شاہ نے عمدہ بولنگ کا مظاہرہ کیا اور 4 آسٹریلوی کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا تاہم آسٹریلوی بلے باز ٹم پین پاکستانی بولرز کے سامنے ڈٹ کر کھڑے ہوگئے اور ناقابل شکست 61 رنز کی اننگز کھیلی جس کی بدولت آسٹریلین ٹیم میچ ڈرا کرنے میں کامیاب ہوگئی۔
پاکستان کی جانب سے یاسر شاہ نے 4، محمد عباس نے 3 جب کہ محمد حفیظ نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
ٹیسٹ میچ کے پہلے دن قومی ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ تو پاکستان کی جانب سے اننگز کا آغاز محمد حفیظ اور امام الحق نے انتہائی پراعتماد انداز میں کیا اور دونوں اوپنرز نے 205 رنز کی شراکت قائم کی، پاکستان کی جانب سے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا گیا جس کی بدولت قومی ٹیم نے 482 رنز بنائے۔
پہلی اننگز میں قومی ٹیم کی جانب سے محمد حفیظ اور حارث سہیل نے سنچری جب کہ اسد شفیق اور امام الحق نے نصف سنچریاں اسکور کیں۔
ٹیسٹ میچ کی دوسری اننگز میں پاکستان نے 6 وکٹوں کے نقصان پر 181 رنز بنائے اور اننگز ڈکلیئر کردی، پاکستان کی جانب سے امام الحق نے 48، اسد شفیق نے 41 اور حارث سہیل نے 39 رنز بنائے۔
آسٹریلیا کی جانب سے پہلی اننگز میں اوپنرز نے 142 رنز کا آغاز فراہم کیا، عثمان خواجہ نے 85 اور ایرون فنچ نے 62 رنز بنائے تاہم اوپنرز کے آؤٹ ہونے کے بعد آسٹریلیا کا کوئی بھی کھلاڑی وکٹ پر کھڑا نہ رہ سکا اور پوری ٹیم 202 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔
پاکستان کی جانب سے بلال آصف نے صرف 36 رنز کے عوض 6 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جب کہ محمد عباس نے 4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔