آسٹریلوی ٹیم فتح کو ترس گئی، ٹی 20 بھی انگلینڈ کے نام

برمنگھم: آسٹریلوی ٹیم انگلینڈ میں فتح کو ترس گئی اور واحد ٹوئنٹی 20بھی میزبان ٹیم کے نام رہا جس نے28 رنز سے میدان مار لیا۔

پانچوں ون ڈے میچز میں ناکامی کے بعد واحد ٹی ٹوئنٹی میں آسٹریلوی ٹیم کو فتح نہ مل سکی، برمنگھم  میں کینگروز نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا،اوپنرز نے انگلینڈ کو95رنزکا آغاز فراہم کیا،جوز بٹلر نے اپنے ملک کی جانب سے تیز ترین ففٹی بنانے کا اعزاز حاصل کیا،انھوں نے یہ سنگ میل 22گیندوں پر عبور کیا۔

اوپنر نے 61کی اننگز کھیلی،ڈراپ کیچ سے موقع پانے والے جیسن روئے44 رنز بنانے میں کامیاب ہوئے، کپتان ایون مورگن15تک محدود رہے، الیکس ہیلز(49) نے ٹیم کی ڈبل سنچری مکمل کرانے میں اہم کردار ادا کیا، جوئے روٹ(35) رن آؤٹ ہوئے،جونی بیرسٹو14 اور معین علی بغیر کوئی رن بنائے ناٹ آؤٹ رہے، انگلینڈ نے 5وکٹ پر221کا مجموعہ ترتیب دیا۔جواب میں آسٹریلوی ٹاپ اور مڈل آرڈر میں کوئی کریز پر قیام نہ کرسکا۔

ٹیم 72رنز کے سفر میں ہی نصف بیٹنگ لائن سے محروم ہوچکی تھی، صرف ایرون فنچ کا بیٹ رنز اگلتا رہا،مطلوبہ رن ریٹ زیادہ ہونے پر وہ جارحانہ اسٹروک کھیلنے کی کوشش میں 84پر وکٹ گنوا بیٹھے ،ان کا ساتھ دینے والے ایشٹن ایگر29 پر رخصت ہوئے تو 16گیندوں پر48 رنز درکار تھے،آسٹریلوی اننگز193 پر تمام ہوئی، مین آف دی میچ عادل رشید اور کرس جورڈن نے 3،3 جبکہ لیام پلنکٹ نے2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔