فواد عالم ایک بار پھر پی سی بی کے راڈار پر آگئے

کافی عرصے سے پاکستانی کرکٹ سے باہر رہنے والے فواد عالم ایک بار پھر پی سی بی کے راڈار پر آگئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر مصباح الحق نے فواد عالم کی فٹنس اور پرفارمنس کے بارے میں پوچھ گچھ شروع کردی ہے۔ مصباح الحق نے سندھ کی ٹیم کے ہیڈ کوچ اعظم خان سے فواد عالم کے بارے میں بات چیت کی۔ ذرائع نے توقع ظاہر کی ہے کہ انہیں پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان عنقریب شروع ہونے والی ٹیسٹ سیریز میں شامل کرلیا جائے گا۔ آسٹریلیا کے ساتھ ٹیسٹ کے لیے ابھی تک پاکستانی اسکواڈ کا اعلان نہیں کیا گیا ہے۔  

دوسری جانب فواد عالم نے قائد اعظم ٹرافی میں سندھ کی جانب سے کھیلتے ہوئے پانچ اننگز میں 160 رنز اسکور کیے جس میں ایک سینچری بھی شامل تھی۔ کراچی میں پیدا ہونے والے فواد عالم نے نے 2009 میں سری لنکا کے خلاف اپنے پہلے ٹیسٹ میں 168 رنز اسکور کیے تھے۔ انہوں نے پاکستان کی طرف سے اپنا آخری ون ڈے 2015 میں بنگلہ دیش کے خلاف ڈھاکہ میں کھیلا تھا۔

پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز 21 نومبر سے برسبین میں شروع ہوگی۔ سیریز کا دوسرا اور آخری ٹیسٹ ڈے اینڈ نائٹ ہوگا جو 29 نومبر کو کھیلا جائے گا۔