قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور آل راؤنڈر وسیم اکرم نے محمد عامر کے ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے فیصلے پر حیرت کا اظہار کیا ہے۔
سابق کپتان کا کہنا ہے کہ پاکستان کو آسٹریلیا میں دو ٹیسٹ اورپھر انگلینڈ میں تین ٹیسٹ میچز میں اُن کی ضرورت پڑے گی۔
پاکستان کے سابق ٹیسٹ کرکٹر رمیز راجہ کا کہنا ہے کہ محمد عامر کا 27 سال کی عمر میں ٹیسٹ کرکٹ کو خیرباد کہنا مایوس کن ہے، یہ جانے کا نہیں تلافی کا وقت تھا۔
رمیز راجہ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک پیغام میں کہا کہ کرکٹ کے سب سے بڑے فارمیٹ ٹیسٹ کو مسترد نہیں کرنا چاہیے، یہ کھلاڑیوں کو عظیم اور اسٹار بناتا ہے۔
راولپنڈی ایکسپریس شعیب اختر نے بھی یو ٹیوب پر اپنے چینل پر اپ لوڈ کی گئی وڈیو میں محمد عامر کے ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے فیصلے پر اپنے ردعمل میں کہا کہ اصل میں تو یہی عمر ہے کہ کوئی بالر اپنے جوہر دکھائے، میں محمد عامر کے اس فیصلے کی کسی صورت تائید نہیں کرسکتا اور نہ ہی اسے دانشمندانہ فیصلہ قرار دوں گا۔