سابق ٹیسٹ کرکٹر اور آئی سی سی میچ ریفری نوشاد علی انتقال کرگئے

پاکستان کے سابق ٹیسٹ کرکٹر اور انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے سابق میچ ریفری نوشاد علی 79 سال کی عمر میں اسلام آباد میں انتقال کرگئے۔ 
نوشاد علی کے انتقال کی تصدیق ان کے اہلخانہ کی جانب سے کی گئی ہے۔ 
اہلخانہ کے مطابق مرحوم کی نمازجنازہ آج شام 5.30 بجے ایچ الیون قبرستان میں ادا کی جائےگی۔ 
خیال رہے کہ نوشاد علی نے پی سی بی کے سلیکٹر، ٹیم مینیجراور دیگر کئی عہدوں پر خدمات انجام دی ہیں۔ 
نوشاد علی نے 6 ٹیسٹ میچز  میں پاکستان کی نمائندگی کی، وہ سابق آئی سی سی ریفری بھی رہ چکے ہیں۔ 
پاکستان کرکٹ بورڈ نے سابق ٹیسٹ کرکٹر نوشاد علی کے انتقال پر اظہار افسوس کیا ہے۔  
چیئرمین مینجمنٹ کمیٹی ذکا اشرف، دیگر ارکان اور بورڈ ملازمین نے نوشاد علی کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کیا اور ان کے ایصال ثواب کے لیے دعا کی۔ 
ذکا اشرف کا کہنا ہے کہ نوشاد علی کی فیملی کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں، ان کے اہلخانہ، عزیزواقارب اور دوستوں کے ساتھ گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کرتے ہیں۔