لاہور: محمد حفیظ کے انگوٹھے کی دوسری سرجری بھی ہوگئی، بحالی کا پروگرام 15روز بعد شروع ہوگا جب کہ آل راؤنڈر کی ورلڈکپ میں شرکت پر سوالیہ نشان لگ گیا۔
پی ایس ایل 4 کے ابتدائی مراحل میں ہی کراچی کنگز کے بیٹسمین کولن انگرام کو بولنگ کرتے ہوئے ایک زوردار اسٹروک پر گیند محمد حفیظ کے ہاتھ پر لگی، انگوٹھا فریکچر ہونے کے بعد آل راؤنڈر ایونٹ کے باقی میچز میں شرکت سے محروم رہ گئے اور لاہور قلندرز کو متبادل کپتان پر انحصار کرنا پڑا۔
مانچسٹر میں حفیظ کی پہلی سرجری ڈاکٹر مائیک ہائٹن نے فروری کے آخری ہفتے میں کی تھی،اس کا دوسرا مرحلہ بدھ کو مکمل ہوا، چند روز میں مزید ایک چیک اپ کے بعد وہ وطن واپس آجائینگے۔
ذرائع کے مطابق محمد حفیظ 15 روز بعد بحالی پروگرام شروع کرینگے، دوسری جانب ہیڈ کوچ مکی آرتھر پہلے ہی بتا چکے کہ میگا ایونٹ میں شرکت کے امیدواروں کے فٹنس ٹیسٹ 14 اپریل کو ہونگے، کسی بھی کرکٹر کا بحالی پروگرام شروع کرتے ہی میدان میں اترنا ممکن نہیں ہوتا، خدشہ یہی ہے کہ محمد حفیظ فٹنس ٹیسٹ نہیں دے پائینگے۔
قومی ٹیم ورلڈکپ مہم پر 23 اپریل کو روانہ ہوگی،میگاایونٹ سے قبل گرین شرٹس کو انگلینڈ کیخلاف سیریز میں شرکت کرتے ہوئے اپنی تیاریوں کی جانچ کرنا ہے۔
ہیڈ کوچ اعلان کرچکے کہ تجربات کا سلسلہ یواے ای میں آسٹریلیا سے میچز کے ساتھ ہی ختم اور حتمی 15رکنی اسکواڈ انگلینڈ جائے گا، اس صورتحال میں محمد حفیظ کی ورلڈکپ کھیلنے کی امیدوں پر پانی پھرتا نظر آرہا ہے، عمر اکمل کی اسکواڈ میں شمولیت کے امکانات میں اضافہ ہوگیا ہے۔