قائد اعظم ون ڈے کپ کا ٹائٹل ایچ بی ایل نے اپنے نام کر لیا، فائنل میں واپڈا کو 62 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا، واپڈا ٹیم کے کپتان سلمان بٹ ٹورنامنٹ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے، بیسٹ بولر کا اعزاز عرفان جونیئر اور وکٹ کیپر کا ٹائٹل جمال انور کے حصے میں آیا۔
تفصیلات کے مطابق پی سی بی کے زیر اہتمام قائد اعظم ون ڈے کپ ایچ بی ایل کے چیمپئن بننے کے ساتھ اختتام پذیر ہو گیا ہے۔ قذافی سٹیڈیم لاہور میں ہونے والے قومی ایونٹ کے ٹائٹل میچ میں ایچ بی ایل نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں7 وکٹوں پر 291 رنز کا مجموعہ تشکیل دیا، زوہیب خان نے کھل کر بیٹنگ کے جوہر دکھائے اور 68 رنز پر ناقابل شکست رہے، رمیز عزیز55، عمر اکمل49، عمران فرحت 40 اور امام الحق 21 رنز کے ساتھ نمایاں سکورر رہے۔ ارشد اقبال نے 2کھلاڑیوں کا شکار کیا، واپڈا کی ٹیم صرف 229 رنز پر ہمت ہار گئی،سلمان بٹ اور رفعت اللہ مہمند کے علاوہ واپڈا کا کوئی بھی کھلاڑی جم کر نہ کھیل سکا، سلمان بٹ نے 56 رنز پر اپنی وکٹ گنوائی جبکہ رفعت اللہ مہمند 51 رنز بنا کر آﺅٹ ہوئے، ایچ بی ایل کی طرف سے خرم شہزاد اور آغا سلمان نے2،2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔
اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے انعامات کے ذریعے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی۔