پاکستانی اوپننگ بیٹسمین امام الحق کی انگلی کا آپریشن ہفتہ کو دبئی میں ہو گا۔
تفصیلات کے مطابق امام الحق کم از کم دو ہفتے تک کرکٹ نہیں کھیل سکیں گے، اوپنر عام طور پر قومی ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ کیلئے زیر غور نہیں لائے جاتے، تاہم موجودہ فارم کو دیکھتے ہوئے انہیں شامل کیا جاسکتا تھا لیکن اب وہ اس دوڑ سے باہر ہو گئے ہیں۔
آپریشن کے بعد نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں ان کی فٹنس کی بحالی کا پروگرام شروع کیا جائے گا، پوری کوشش کی جائے گی کہ نیوزی لینڈ کے خلاف یواے ای میں ہی شیڈول ٹیسٹ سیریز سے قبل امام الحق سپر فٹ ہوجائیں۔
واضح رہے کہ اوپنر امام الحق آسٹریلیا کے خلاف دبئی ٹیسٹ میں فیلڈنگ کرتے ہوئے زخمی ہوگئے تھے۔