وزیراعظم عمران خان نے پاکستان کے ورلڈ کپ سکواڈ کا حوصلہ بڑھا دیا

وزیراعظم اور پی سی بی کے پیٹرن ان چیف عمران خان کی دعوت پر بنی گالہ جانے والے پاکستانی ورلڈ کپ سکواڈ کے ہمراہ چیئرمین پی سی بی احسان مانی اور مینجمنٹ کے ارکان بھی موجود تھے،

ذرائع کے مطابق عمران خان نے کھلاڑیوں کا حوصلہ بڑھاتے ہوئے کہا کہ انگلینڈ کی مشکل کنڈیشنز میں دلیری کے ساتھ کھیلنا ہوگا، سرفراز احمد کو قیادت کا حق ادا کرتے ہوئے خود ذمہ داری کا بوجھ اٹھانا ہوگا،

انہوں نے کپتان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ تم خود دلیر ہوگے تو ٹیم بھی دلیری کے ساتھ کھیلے گی، عمران خان نے کہا کہ 1992 کے ورلڈکپ میں قومی ٹیم کمزوریوں کے باوجود اپنے بے مثال جذبہ کی بدولت ٹائٹل جیتنے میں کامیاب ہوئی،

سابق کپتان نے جنید خان، فہیم اشرف اور حسن علی سمیت بولرز کو کارکردگی بہتر بنانے کیلیے مفید مشورے بھی دیئے

۔پی سی بی حکام کی طرف سے وزیراعظم کو ورلڈ کپ کی تیاریوں کے حوالے سے بریفنگ بھی دی گئی۔