نئے پاکستان میں کرکٹ ٹیم بھی نئی ہوگی، وزیراعظم عمران خان کا اعلان

امریکی دار الحکومت واشنگٹن کے کیپیٹل ون ارینا میں پاکستانی کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ورلڈ کپ 2019 جیسے بڑے ایونٹ میں قومی ٹیم کی کارکردگی نے مایوس کیا جس کے باعث میں نے ٹیم میں اصلاحات لانے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگلے ورلڈ کپ میں پاکستان کی جانب سے ایک مکمل پروفیشنل ٹیم میدان میں اتاری جائے گی۔

کرکٹ چھوڑ کر سیاست میں آنے والے وزیراعظم پاکستان عمران خان کی قیادت میں 1992 میں پاکستان نے ورلڈ کپ جیتا تھا کیپیٹل ون ارینا میں پاکستانی کمیونٹی سے خطاب میں عمران خان نے قومی ٹیم کی ناقص کارکردگی پر مایوسی کا اظہار کیا اور کرکٹ میں پروفیشنل ازم کی ضرورت پر زور دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ کسی بھی ٹیم کا دل میرٹ اور پروفیشنل ازم ہوتا ہے اور کھیل میں کامیابی کے لئے بھی یہی دو بنیادی چیزیں اہم ہوتی ہیں۔ انہوں نے آسٹریلیا کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ میرٹ اور پروفیشنل ازم کو کسی ٹیم میں یکجا دیکھنا ہے تو آسٹریلوی ٹیم اس کی سب سے بڑی مثال ہے۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی دعوت پر وزیراعظم عمران خان اعلیٰ حکام پر مشتمل وفد کے ہمراہ تین روزہ سرکاری دورے پر واشنگٹں میں موجود ہیں۔

یاد رہے کہ انگلینڈ میں ہونے والے ورلڈ کپ 2019 میں پاکستان نے 9 میچ کھیل کر 11 پوائنٹ حاصل کئے جبکہ فائنل تک پہنچنے والے نیوزی لینڈ نے بھی اتنے ہی پوائنٹ حاصل کئے تھے تاہم پاکستان اپنے رن ریٹ میں کمی کے باعث سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر ہوگیا تھا۔