بھارت نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد بنگلا دیش کو ہرا کر ایشیا کرکٹ کپ کا ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔
دبئی کے انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے ایشیا کپ کے فیصلہ کن معرکے میں بھارتی کپتان روہت شرما نے ٹاس جیتا اور بنگلا دیش کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔
بنگلا دیشی بیٹنگ شروع ہوئی تو اوپنرز نے پراعتماد انداز میں بیٹنگ کرتے ہوئے اچھا آغاز فراہم کیا اور 120 رنز کی اہم شراکت داری قائم کی تاہم پہلی وکٹ گرتے ہی بنگال ٹائیگرز کی بیٹنگ لائن لڑکھڑا گئی اور 31 رنز کے اضافے سے 4 مستند بلے باز پویلین لوٹ گئے۔
مہدی حسن معراج 32، امریٰ القیس 2، مشفق الرحیم 5، محمد متھن 2 اور محمود اللہ صرف 4 رنز بنا کر چلتے بنے۔ بنگلا دیش کو چھٹا جھٹکا اس وقت لگا جب شاندار سنچری بنانے والے اوپنر لیتن داس 121 رنز بناکر کیچ آؤٹ ہوئے۔ انہوں نے 12 چوکے اور 2 چھکے مارے۔ کپتان مشرفی مرتضیٰ 7 رنز بنا کر 196 کے مجموعے پر چلتے بنے جب کہ نظم الحسن 7، سومیا سرکار 33 اور روبیل حسین صفر پر آؤٹ ہوئے۔
بنگلا دیش کی پوری ٹیم 49 ویں اوورز میں 222 رنز پر آؤٹ ہوگئی اور بھارت کو فتح کے لیے 223 رنز کا ہدف دیا۔
بھارت کی جانب سے کلدیپ یادیو نے سب سے زیادہ 3 وکٹیں حاصل کیں جب کہ یادیو نے 2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، بمراہ اور کمار کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔
ہدف کے تعاقب میں اوپنر شیکھر دھون 15، روہت شرما 48 اورامباتی رائیڈو 2 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، 83 رنزپرتین وکٹیں گرنے کے بعد تجربہ کار بیٹسمین مہندرا سنگھ دھونی اور دنیش کارتھک نے 54 رنز کی شراکت داری قائم کی تاہم 137 کے مجموعے پر کارتھک 37 رنز بناکرآؤٹ ہو گئے۔
مہندرا سنگھ دھونی 36، جڈیجا 23، بھونیشور کمار 21 رنزبناکرآؤٹ ہوئے جب کہ کلدیپ یادیو 5 اور جادیو 23 رنز بناکرناٹ آؤٹ رہے۔
بنگلا دیش نے فتح حاصل کرنے کی بہت کوشش کی اور بالرز نے آخری گیند تک مقابلہ کیا لیکن بھارتی بلے بازوں نے آخری گیند پر مطلوبہ ہدف حاصل کرکے ٹائٹل اپنے نام کرلیا اور اس طرح بھارتی ٹیم پورے ایونٹ میں ناقابل شکست رہی جب کہ ٹائٹل اپنے نام کر کے بھارت نے ساتویں بار ایشین چیمپیئن بننے کا بھی اعزاز حاصل کیا۔
بنگلا دیش کی جانب سے مستفیض الرحمان اور روبیل حسین نے 2،2 جب کہ محمد اللہ، مشرفی مرتضیٰ اور نظم الاسلام نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔