بھارتی اخبار ہندوستان ٹائمز کے مطابق بھارت کی نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی کو ایک خط ملا ہے جو ایک غیر معروف تنظیم آل انڈیا لشکر کی طرف سے بھیجا گیا ہے۔ خط میں بھارتی ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی کو خاص طور پر جبکہ پوری ٹیم کو نشانہ بنانے کی دھمکی دی گئی ہے۔ این آئی اے کی جانب سے نشاندہی کے بعد دلی پولیس نے بھارتی کرکٹ ٹیم کی سیکیورٹی میں اضافہ کردیا ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق دھمکی آمیز خط میں بھارتی وزیراعظم نریندر مودی، صدر رام ناتھ کووند، وزیرداخلہ امیت شاہ، بھارتیہ جنتا پارٹی کے رہنما لال کرشنا اڈوانی، بی جے پی کے صدر جے پی ناڈا اور آر ایس ایس کے چیف موہن بھاگوت کو نشانہ بنانے کی بھی دھمکی دی گئی ہے۔ نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی کی جانب سے اس خط کی ایک کاپی بی سی سی آئی کو بھی ارسال کردی گئی ہے۔ این آئی اے کے مطابق یہ خط کسی آل انڈیا لشکر نامی تنظیم کی طرف سے بھیجا گیا ہے۔ جس کے بعد بھارتی ٹیم کی سیکیورٹی بڑھادی گئی ہے۔ بھارت اور بنگلہ دیش کے درمیان تین ٹی 20 میچوں کی سیریز اتوار کے روز سے شروع ہورہی ہے جس کا پہلا میچ ارون جیٹلی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ بھارت اور بنگلہ دیش کے درمیان دو ٹیسٹ سیریز بھی کھیلی جائیں گی۔