ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کے صدر اور بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کے سیکریٹری جے شاہ نے اعلان کیا ہے کہ ایشیاکپ کے میزبان ملک سمیت ٹورنامنٹ کے شیڈول کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔
بھارتی نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق بھارتی کرکٹ بورڈ کے سیکریٹری جے شاہ کا کہنا ہے کہ انڈین پریمئر لیگ (آئی پی ایل) کے فائنل کے موقع پر ایشیاکپ کے میزبان ملک اور شیڈول کا اعلان کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ ایشیاکپ کی میزبانی کے حوالے سے ابھی تک کوئی فیصلہ نہیں ہوا، ہم آئی پی ایل میں مصروف ہیں لیکن سری لنکا کرکٹ، بنگلہ دیش اور افغانستان کرکٹ بورڈ کے اعلیٰ عہدیداران کو فائنل میچ دیکھنے کی دعوت دی ہے۔
دوسری جانب خبریں گردش کررہی ہیں کہ بی سی سی آئی نے ایشیاکپ کے انعقاد کے لئے پاکستان کے ہائبرڈ ماڈل کو مسترد کردیا ہے اور وہ ٹورنامنٹ کا انعقاد نیوٹرل وینیو پر شفٹ کرنا چاہتا ہے۔
رواں سال ایشیاکپ کی میزبانی پاکستان کے سپرد ہے تاہم بھارت نے اپنی ٹیم پاکستان بھیجنے سے انکار کردیا ہے جس پر پی سی بی نے ہائبرڈ ماڈل تجویز کیا تھا، جو منظور کرلیا گیا ہے۔
اس ماڈل کے تحت پاکستان میں چار میچ کھیلے جائیں گے جب کہ ان میچوں میں سری لنکا، بنگلہ دیش، نیپال اور افغانستان کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی جبکہ بھارت اپنے تمام میچز نیوٹرل وینیو پر کھیلے گا۔
حال ہی میں سری لنکا، بنگلہ دیش اور بھارت سمیت دیگر بورڈز نے موقف اپنایا تھا کہ یواےای میں زیادہ گرمی ہوگی، جس کے باعث کھلاڑیوں کو انجریز ہوسکتی ہیں، اس لیے میچز سری لنکا میں کروائے جائیں۔
دوسری جانب بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے 27 مئی کو احمدآباد میں اجلاس طلب کرلیا ہے جس میں ایشیاکپ کے مقام اور شیڈول کے علاوہ ورلڈکپ کے وینیوز پر اعلان بھی متوقع ہے۔
واضح رہے کہ ایشیا کپ رواں سال 1 سے 17 ستمبر تک کھیلے جانے کا امکان ہے۔