پی ایس ایل کے 28 ویں میچ میں کراچی کنگز نے شاہین شنواری کی تباہ کن بولنگ کی بدولت کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو اعصاب شکن مقابلے کے بعد 1 رن سے شکست دیدی۔
کراچی کنگز کے پیسر شاہین شنواری نے آخری اوور میں صرف 3 رنز کے عوض تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کرکے بازی پلٹ دی اور ٹیم کو فتح سے ہمکنار کروا دیا، انہوں نے آخری اوور میں احمد شہزاد کو 99 رنز پر آؤٹ کرکے سنچری سے محروم کیا جس کے بعد انور علی اور کپتان سرفراز احمد کو پویلین کی راہ دکھائی۔
ہدف کے تعاقب میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے بھرپور مقابلہ کیا اور احمد شہزاد کی جارحانہ بیٹنگ کی بدولت حریف بولرز کو دباؤ میں رکھا تاہم شاہین شنواری کا آخری اوور گیم چینجر ثابت ہوا جس میں انہوں نے تباہ کن بولنگ کرتے ہوئے ہار کو جیت میں تبدیل کردیا اور ٹیم کو درکار لازمی فتح دلا کر پلے آف میں پہنچا دیا، کراچی کنگز کے فائنل فور میں پہنچنے کے بعد لاہور قلندرز کی ٹیم کا ایونٹ میں سفر تمام ہوگیا۔
گلیڈی ایٹرز کی جانب سے شین واٹسن 20، احمد شہزاد 99، روسو 10، عمر اکمل 27، براؤ 9، انور علی 2، اور سرفراز احمد صفر پر آؤٹ ہوئے جب کہ محمد نواز 1 اور سہیل تنویر صفر پر ناٹ آؤٹ رہے۔
اس سے قبل کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر کراچی کنگز کو بیٹنگ کی دعوت دی ہے، کراچی کنگز نے مقررہ اوورز میں 5 وکٹوں پر 190 رنز بنائے جس میں اوپنر بابر اعظم 56 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے جب کہ منرو 30، لیونگسٹن5، انگرم 24 اور ڈنک 18 رنز بنا کرپویلین لوٹے، افتخار احمد 44 اور عماد وسیم 4 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے محمد حسنین نے 2، سہیل تنویر،محمد نواز اور فواد احمد نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔