لیڈزمیں پہلے بیٹنگ کا فیصلہ غلط نہیں، سرفراز احمد

لیڈز: سرفراز احمد نے کہا ہے کہ ہیڈنگلے ٹیسٹ میں پہلے بیٹنگ کا فیصلہ درست تھا۔

ہیڈنگلے میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو اننگزابتدا میں ہی مسائل کا شکار ہوگئی،ٹاپ آرڈر کی ناکامی کے بعد شاداب خان نے نصف سنچری سے ٹوٹل بہتر بنایا۔

کپتان سرفراز احمد نے پہلے بیٹنگ کے فیصلے کو درست قرار دیتے ہوئے کہاکہ ان کنڈیشنز کو دیکھتے ہوئے کوئی بھی ٹیم بیٹنگ کا ہی فیصلہ کرتی،میزبان پیسرز نے بہت اچھی بولنگ کی،یہ بھی تسلیم کرنا ہوگا کہ بیٹسمینوں نے بہت غلطیاں کیں اور توقعات کے مطابق کارکردگی پیش نہیں کرپائے، انھوں نے کہا کہ دوسری اننگز میں غلطیوں کا ازالہ کرتے ہوئے بہتر کھیل پیش کریںگے،اچھی کوشش سے میچ میں کم بیک کیا جا سکتا ہے۔

دوسری جانب سابق کپتان اور کوچ وقار یونس نے بھی سرفراز احمد کے فیصلے کا دفاع کرتے ہوئے کہاکہ پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے بڑے اسکور میں ناکامی کا ملبہ کپتان پر نہیں گرایا جا سکتا،اس صورتحال کے ذمہ دار خود بیٹسمین ہیں،انگلش بولر نے کنڈیشنز کے مطابق گیندیں کیں، مہمان ٹیم نے غلط اسٹروکس کھیل کر ان کا کام آسان کردیا۔

وقار یونس نے کہا کہ لارڈز میں ماحول اور پچ مختلف تھی، لیڈز میں پلاننگ اور تکنیک میں تبدیلی لانے کی ضرورت تھی، اس ضمن میں مہمان ٹیم کمزور رہ گئی،ٹیسٹ میچ بچانے کیلیے زیادہ توجہ محنت اور ثابت قدمی کا مظاہرہ کرنے کی ضرورت ہوگی، پاکستان کی مہم ناممکن نہیں مشکل ضرور ہوگئی ہے