دھونی پاکستانی کھانوں کے دل دادہ نکلے، مداح کو بھی مشورہ دے ڈالا  

بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان ایم ایس دھونی نے پاکستانی کھانوں کی تعریف کرتے ہوئے ایک مداح کو مشورہ دیا کہ اگر وہ لذیذ پکوان کھانے کے شوقین ہیں تو پاکستان جائیں۔ 
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک ویڈیو میں بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور ممتاز وکٹ کیپر ایم ایس دھونی کو پاکستانی کھانوں کے گُن گاتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ 
ایم ایس دھونی نے بتایا کہ پاکستان میں جب بھی گیا، وہاں کا کھانا ہمیشہ سب سے اچھا پایا اور میں پاکستانی کھانوں کا مداح بن گیا ہوں۔ اس موقع پر دھونی نے اپنے ایک مداح کو بھی پاکستانی پکوان کھانے کا مشورہ دیدیا۔  
دھونی نے اپنے مداح سے کہا کہ آپ کو لذیذ کھانوں سے لطف اندوز ہونے کے لیے ایک بار پاکستان ضرور جانا چاہیے۔

یاد رہے کہ یہ پہلی بار نہیں ہے کہ جب دھونی نے پاکستانی کھانوں کی کھل کر تعریف کی ہو بلکہ اس سے قبل بھی کئی بار وہ اس بات کا برملا اعتراف کر چکے ہیں جس پر انھیں بھارت میں شدت پسندوں نے تنقید کا نشانہ بھی بنایا لیکن دھونی نے اپنی رائے تبدیل نہیں کی۔ 
 دھونی کی یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر کافی وائرل ہو رہی ہے اور صارفین نے دھونی کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی پکوان اپنی لذت اور ذائقے کے باعث دنیا کے کسی بھی کھانے سے کم نہیں۔،،