احسان مانی اور نجم سیٹھی کے درمیان ’’سیزفائر‘‘ کرانے کی کوشش شروع ہو گئی، پی سی بی گورننگ بورڈ کے سابق رکن منصور مسعود خان نے گزشتہ دنوں لاہور میں دونوں سابق چیئرمینوں سے بات کی اور معاملہ عدالت سے باہر حل کرنے پر زور دیا۔
تفصیلات کے مطابق پی سی بی کی ویب سائٹ پرچندماہ قبل سابق چیئرمین نجم سیٹھی کے اخراجات کی تفصیلات دی گئی تھیں، اس پر وہ غصے سے آگ بگولہ ہو گئے اورحسابات کوغلط قرار دے دیا، اکتوبر کے اواخر میں انھوں نے احسان مانی کو قانونی نوٹس بھی بھیجا تھا، نومبر میں بورڈ نے بھی اس کا سخت جواب دیتے ہوئے تمام اخراجات کی تفصیلات کو درست قرار دیا، اس کے بعد نجم سیٹھی کی جانب سے پی سی بی کو ایک اور لیگل نوٹس ارسال کیا گیا۔
معاملہ بگڑتے دیکھ کر سابق گورننگ بورڈ رکن منصور مسعود خان ایکشن میں آئے ہیں، ان کے سابق اور موجودہ چیئرمینوں سے خوشگوار تعلقات ہیں، ذرائع نے بتایا کہ گزشتہ دنوں انھوں نے قذافی اسٹیڈیم لاہور کے بورڈ میں چیئرمین پی سی بی احسان مانی سے ملاقات کی اور نجم سیٹھی کے ساتھ ’’دوستی‘‘پر زور دیا، بعد میں انھوں نے نجم سیٹھی سے بھی رابطہ کر کے انھیں بھی قانونی جنگ ختم کرنے کا مشورہ دیا،ذرائع نے بتایا کہ منصور مسعود کی کوششوں سے دونوں میں تلخیاں کم ہونے لگی ہیں، ممکن ہے عدالت سے باہر سے تنازع حل کر لیا جائے۔
اس حوالے سے جب نمائندہ ’’ایکسپریس‘‘ نے منصور مسعود خان سے رابطہ کیا تو انھوں نے تصدیق کی کہ لاہورمیں چیئرمین پی سی بی سے ملاقات کی تھی، منصور مسعود نے کہا کہ میں احسان مانی کو برسوں سے جانتا ہوں اس لیے ملاقات کرنے گیا، انھوں نے مزید تفصیلات بتانے سے گریزکیا۔