ناقص کارکردگی پر کوچ مکی آرتھر سینئرز پر پھٹ پڑے

سنچورین ٹیسٹ میں پاکستانی کرکٹ ٹیم کی ناقص کارکردگی پر کوچ مکی آرتھر سینئرز پر پھٹ پڑے۔

کوچ مکی آرتھر نے کپتان سرفراز احمد سمیت اسد شفیق اور اظہر علی سے نامناسب رویہ اپنایا اورگالیاں دیں، ذرائع نے بتایا کہ کوچ اتنے غصے میں تھے کہ انھوں نے ڈریسنگ روم میں چیزیں اٹھا کر بھی پھینکیں، وہ کسی کے قابو میں نہیں آ رہے تھے۔

واضح رہے کہ میچ میں سرفراز دونوں اننگز میں صفر پر آؤٹ ہوئے جبکہ اسد اور اظہر بھی بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام رہے تھے، غصے سے بے قابو آرتھر کا خیال تھا کہ ٹیم نے جنوبی افریقہ کو اس کی سرزمین پر ہرانے کا نادر موقع گنوا دیا،اظہر علی اپنے روایتی انداز کے برخلاف جارحانہ شاٹ کھیلتے ہوئے صفر پر وکٹ گنوا بیٹھے تھے۔

اسد نے 6رنز پر ایل بی ڈبلیو قرار دیے جانے کے بعد ریویو پر وکٹ بچائی مگر پھر اگلی ہی گیند پر وکٹ کیپر کو کیچ تھما دیا،کوچ نے کھلاڑیوں پر جان بوجھ کر وکٹ گنوانے کا الزام بھی عائد کیا۔ سنچورین میں ہی موجود چیئرمین پی سی بی احسان مانی کو بھی واقعے کی اطلاع کر دی گئی،ذرائع نے بتایا کہ کوچ یا تو کپتان دونوں میں سے ایک کا عہدے سے ہٹنا یقینی ہے، البتہ ممکن ہے ایسا سیریز مکمل ہونے پر ہو۔

پہلے ٹیسٹ میں پاکستان نے جنوبی افریقہ کو صرف 149 رنز کا ہدف دیا اور شکست کا امکان بہت زیادہ ہے۔ واضح رہے کہ آرتھر کے ماضی میں بطور کوچ جنوبی افریقی اور آسٹریلویکرکٹرز سے بھی اختلافات سامنے آئے تھے، ان پر عمر اکمل نے بھی گالیاں دینے کا الزام عائد کیا تھا۔