بھارت ایشیاکپ کیلئے نہیں آیا تو پاکستان بھی ورلڈکپ کھیلنے نہ جائے، معین خان

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے معین خان کا کہنا تھا کہ ایشیا کپ پاکستان میں نہ ہوا تو ورلڈ کپ بھی بھارت کے بجائے نیوٹرل مقام پر کروایا جائے، بھارت پیسے کی دھونس کے ذریعے دوسرے کرکٹ بورڈز پر اپنی مرضی نہیں تھوپ سکتا۔

معین خان نے کہا کہ اگر بھارت ایشیا کپ نیوٹرل مقام پر کھیلے گا تو پاکستان کے ورلڈ کپ میچز بھی نیوٹرل مقام پر کرائے جائیں۔ 

سابق کپتان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان کرکٹ ہونی چاہیے اور اس کے لئے دونوں ملکوں کے بورڈز بات چیت کریں، وجوہات معلوم ہونی چاہئیں کہ کیوں بھارت پاکستان آنے سے کتراتا ہے؟

معین خان نے 8 ویں کارپوریٹ رمضان ٹی 20 کپ کی لانچنگ تقریب کے موقع پر کہا کہ 3 سال کے وقفے کے بعد یہ ایونٹ دوبارہ ہورہا ہے، ڈیپارٹمنٹل کرکٹ کی بندش اور کورونا کی وجہ سے ایونٹ نہیں ہوسکا تھا۔

 معین خان نے کہا کہ اس سال بدقسمتی سے ڈیپارٹمنٹ کی ٹیمیں ایونٹ کا حصہ نہیں لیکن پاکستان کے ٹاپ اسٹارز اور نوجوان کھلاڑی ان ایکشن ہوں گے، ٹورنامنٹ کا مقصد کھلاڑیوں کو مواقع فراہم کرنا ہے۔

تقریب میں قومی اور سابق کرکٹرز نے بھی شرکت کی، ایونٹ میں 8 ٹیمیں شرکت کررہی ہیں، ٹیموں کو دو گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے، ایونٹ 7-15 اپریل تک جاری رہے گا۔

 ٹورنامنٹ کی مجموعی انعامی رقم 20 لاکھ روپے رکھی گٸی ہے، ونر کو 10 لاکھ جب کہ رنر اپ کو 5 لاکھ روپے ملیں گے، ایونٹ کا پہلا میچ نماٸشی ہوگا جس میں فنکار جلوہ گر ہوں گے۔

معین خان نے شاہین آفریدی کو پاکستانی ٹیم کا مستقبل میں کپتان بنائے جانے کی حمایت کی۔ انہوں نے شاداب خان کو قومی ٹیم کے نائب کپتان کے عہدے سے ہٹائے جانے کی افواہوں پر بھی مایوسی کا اظہار کیا۔