ملتان سلطانز نے ایونٹ میں دوسری بار اسلام آباد یونائیٹڈ کو ہرادیا

پی ایس ایل کے 16 ویں میچ میں ملتان سلطانز نےاسلام آبا یونائیٹڈ کو شکست دیتے ہوئے ایونٹ میں اس کے خلاف دوسری کامیابی حاصل کرلی ہے۔

دبئی میں کھیلے گئے میچ میں سلطانز نے یونائیٹڈ کوآؤٹ کلاس کرتے ہوئے 6 وکٹوں سے ہرادیا، سلطانز کے سامنے ایک بار پھر یونائیٹڈ کی ٹیم مکمل طور پر بکھر گئی، 121 کے ٹوٹل پر یونائیٹڈ کو ڈھیر کرنے کے بعد سلطانز نے ہدف صرف 4 وکٹوں پر حاصل کرلیا۔

اوپنرعمر صدیق نے سب سے زیادہ 46 رنز بنائے جب کہ رونکی نے 28، چارلس نے 4 اور ایونس نے ایک رن بنایا، کپتان شعیب ملک 23 اور کرسچئن 16 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے محمد موسیٰ، رومان رئیس، پٹیل اور شاداب خان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل ملتان سلطانز کے کپتان شعیب ملک نے ٹاس جیتا اور فیلڈنگ کو ترجیح دیتے ہوئے اسلام آباد یونائیٹڈ کو بیٹنگ کرنے کی دعوت دی۔

سلطانز کے بولرز نے عمدہ بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے یونائیٹڈ کی بیٹنگ لائن کو تبا ہ کردیا اور پوری ٹیم کو صرف 121 رنز پر ڈھیر کردیا، یونائیٹڈ کے 7 پلیئرز ڈبل فیگرز میں بھی داخل نہیں ہوسکے، رونکی نے سب سے زیادہ 32 رنز بنائے جب کہ پٹیل نے 20 اور آصف علی 22 رنز بنا ئے، ڈیلپورٹ  اور صاحبزادہ فرحان نے 4،4،حسین طلعت نے8،پارنیل  نے 5، شاداب خان نے 4، رومان رئیس نے صفراور محمد اسامہ 2 رنز بناکرپویلین لوٹے ، فہیم اشرف 16 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

ملتان سلطانز کی جانب سے کرسچئن نے سب سے زیادہ3 وکٹیں حاصل کیں،شاہد آفریدی،محمد الیاس اور جنید خان نے 2،2 جب کہ محمد عرفان نے ایک وکٹ حاصل کی۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کے مستقل کپتان محمد سمیع  آج کا میچ نہیں کھیلے اور ان کی جگہ نوجوان آل راؤنڈر شاداب خان  نےٹیم کی قیادت کی۔

ایونٹ میں دونوں ٹیمیں دوسری بار آمنے سامنے تھیں ،16 فروری کو مدمقابل ٹیموں میں سے ملتان سلطانز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو زیر کیا تھا اور آج بھی ملتان نے فتح حاصل کی ہے۔