پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین نجم سیٹھی نے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے ٹوئٹ میں نجم سیٹھی نے کہا کہ ’’مستعفی ہونے کے لئے وزیراعظم کی حلف برداری کا انتظار کر رہا تھا جو آج میں نے کردیا ہے، میری نیک تمنائیں پی سی بی اور قومی کرکٹ ٹیم کے ساتھ ہیں، عید مبارک پاکستان زندہ باد‘‘۔
نجم سیٹھی پانچ سال سے پہلے کرکٹ بورڈ کے ساتھ منسلک ہوے تھے۔ اب گزشتہ اڑھائی سال سے وہ بورڈ سربراہ کی حیثیت سے ذمہ داریاں نبھا رہے تھے۔ ان کی موجودگی میں پاکستان سپر لیگ کا آغاز ہوا۔ ملک میں پی ایس ایل کے کچھ میچز ہوے۔ زمبابوے، کینیا، ورلڈ الیون، ویسٹ انڈیز اور سری لنکا کے آنے سے انٹرنیشنل کرکٹ کی سرگرمیاں بحال ہوئیں۔
ان کے بطور چیئرمین پی سی بی پی ایس ایل ٹو کے آغاز میں کرکٹ کرپشن اسکینڈل سے ملک کی بدنامی کے ساتھ شرجیل خان، خالد لطیف، محمد عرفان اور شاہ زیب حسن کو پابندی اور جرمانہ کی سزا سنائی گئیں۔
انتخابات میں پی ٹی آئی کی واضح کامیابی کے بعد اس بات کے روشن امکانات تھے کہ اب کرکٹ بورڈ میں بھی تبدیلی ضرور آے گی۔ بورڈ آئین کے تحت وزیر اعظم کرکٹ بورڈ کے پیٹرن انچیفُ بھی ہیں۔ اور کرکٹ بورڈ کے سربراہ کے لئے ان کی جانب سے دو امیدواروں کو نامزد کیا جاتا ہے جس میں گورننگ بورڈ ممبران ایک کو تین سال کے لئے چئیرمین پی سی بی منتخب کرتے ہیں۔