دیکھیں: نسیم شاہ فاسٹ بالنگ میں ریکارڈ قائم کرنے پر جذباتی ہوگئے

 نسیم شاہ ٹیسٹ کرکٹ میں 5 وکٹیں حاصل کرنے والے دنیا کے کم عمر ترین فاسٹ بالر بن گئے۔

نوجوان فاسٹ بالر نے کراچی ٹیسٹ میں قائم کیا گیا ریکارڈ اپنے والدین کے نام کردیا۔

تفصیلات کے مطابق 16 سال اور 307 دن کے فاسٹ بالر نسیم شاہ ٹیسٹ کرکٹ میں پانچ وکٹیں حاصل کرنے والے کم عمر ترین فاسٹ بالر بن گئے۔ کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ میچ میں انہوں نے اپنی دھواں دھار بالنگ سے فقط 31 رنز کے عوض 5 وکٹیں حاصل کیں۔

میچ کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے نوجوان فاسٹ بالر اپنے جذبات پر قابو نہ رکھ سکے، انہوں نے بتایا کہ جب وہ آسٹریلیا کے دورے پر تھے تو اس دوران ان کی والدہ انتقال کرگئیں اور وہ آسٹریلیا میں ہونے کے باعث اپنی والدہ سے مل نہ سکے۔ جس کا انہیں بے حد افسوس ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کی زندگی کے اس سب سے بڑے سانحے کو بیان کرنے کے لیے ان کے پاس الفاظ نہیں ہیں ان کے لیے اپنی والدہ کی ناگہانی وفات پر بات کرنا انتہائی مشکل ہے اس لیے بہتر ہوگا کہ وہ اس بارے میں بات نہ کریں۔

 

 

ٹیسٹ میچ میں پانچ وکٹیں حاصل کرنے والے کم عمر ترین فاسٹ بالر کا ریکارڈ قائم کرنے پر نسیم شاہ کا کہنا تھا کہ انہوں نے یہ سوچ رکھا تھا کہ اگر وہ ٹیسٹ میچ میں پانچ وکٹیں لیں گے تو اس کامیابی کو اپنی والدہ کے نام کریں گے جو انہیں ٹی وی پر دیکھ کر خوش ہوں گی مگر آج اس کامیابی کو دیکھنے کے لیے ان کی والدہ اس دنیا میں موجود نہیں ہے جس کا انہیں بے حد افسوس ہے تاہم وہ اپنی کامیابی کو اپنے والدین کے نام کرتے ہیں۔

 نسیم شاہ کا کہنا تھا کہ وہ اپنی اس بہترین بالنگ کا کریڈٹ پاکستانی ٹیم کے بالنگ کوچ کو دیتے ہیں جنہوں نے مجے بہترین بالنگ کی تحریک دی اور صلاحیتوں کو نکھارنے میں اہم کردار اد اکیا۔  

ان کا کہنا تھا کہ پہلی اننگز میں انہوں نے پلان کے مطابق بالنگ کی مگر بدقسمتی سے وہ کوئی وکٹ حاصل نہ کرپائے۔ ان کی گیندوں پر کیچ بھی ڈراپ ہوئے تاہم بالنگ کوچ وقار یونس نے انہیں تحریک دیتے ہوئے کہا کہ بہترین بالر وہی ہوتا ہے جو میدان میں کوئی برا دن گزارنے کے بعد میچ میں واپس آتا ہے اور اپنی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتا ہے۔