پاکستان کے سابق فاسٹ بالر تنویر احمد نے یوٹیوب پر جاری ایک تازہ ترین ویڈیو میں کہا کہ نسیم شاہ اچھے بالر ہیں مگر ان کا بالنگ اسٹائل مستقبل میں ان کے لیے انجریز کا باعث بن سکتا ہے۔
سابق فاسٹ بالر کا کہنا تھا کہ نسیم شاہ ابھی نوجوان ہیں اور اگر وہ کرکٹ کے طویل فارمیٹ میں لمبے عرصے تک کھیلنا چاہتے ہیں تو انہیں اپنی ٹانگوں کو مزید صحت مند بنانا ہوگا کیونکہ فاسٹ بالر کی ساری کارکردگی کا انحصار اس کی ٹانگوں اور کمر کی مضبوطی پر ہوتا ہے۔
تنویر احمد کا کہنا تھا کہ انہوں نے نسیم شاہ کو پہلی بار ایکشن میں دیکھا اور انہیں تیز رفتار بالنگ کرتے دیکھ کر خیال آیا کہ اگر انہیں لمبے فارمیٹ کی کرکٹ کھیلنی ہے تو انجریز کا سامنا بھی کرنا پڑے گا کیونکہ وہ جب بالنگ کراتے ہیں تو ان کی لمبی ٹانگیں قینچی کی پوزیشن میں آ جاتی ہیں جس سے بالر کی کمر اور ٹانگوں پر بوجھ پڑتا ہے اگر ان کی ٹانگیں بے حد مضبوط ہیں تو وہ لمبے عرصے تک اس کھیل میں اپنی جگہ بنائے رکھ سکتے ہیں بصورتِ دیگر ان کے لیے کرکٹ کے میدان میں زیادہ عرصہ چلنا دشوار ہوگا۔ سابق فاسٹ بالر نے لگے ہاتھوں مشورہ دیا کہ نسیم شاہ کے کوچ اور دیگر بالرز نسیم شاہ کو بتائیں کہ اس انداز میں بالنگ کرانے سے بالر منہ کے بل گر سکتا ہے اور اس بالنگ اسٹائل سے پورا جسم کس طرح متاثر ہوتا ہے۔ جبکہ زیادہ عرصے تک اس انداز میں گیند بازی کرنے سے بالر کو کمر اور ٹانگوں سمیت کئی طرح کی انجریز کا خدشہ رہتا ہے۔
تنویر احمد نے پاکستان اور آسٹریلیا اے کے درمیان کھیلے گئے میچ میں قومی ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستانی ٹیم نے تین روزہ پریکٹس میچ میں اچھی پرفارمنس دی ہے۔ انہوں نے فاسٹ بالر عمران خان سینئر کی کارکردگی کو بھی سراہا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ قومی ٹیم ٹیسٹ سیریز میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی تاہم آسٹریلیا جیسی ٹیم پر قابو پانے کے لیے پاکستان کو بہت زیادہ محنت کرنی ہوگی۔