ٹرافی کی جنگ لاہور اور راولپنڈی میں آج ہوگی

 قومی ٹی 20 کپ میں لاہور اور راولپنڈی میں ٹائٹل کی جنگ چھڑے گی اسلام آباد اور کراچی وائٹس کا سفر سیمی فائنلز میں تمام ہوگیا۔

پہلے فائنل فور میں راولپنڈی نے کراچی وائٹس کو6 رنزسے مات دی، فاتح سائیڈ نے نوید ملک کے جارحانہ 90 رنز کی بدولت 9 وکٹ پر 157 رنز جوڑے،  جواب میں کراچی وائٹس 4 وکٹ پر 151 رنز تک محدود رہی، فواد عالم کے ناٹ آؤٹ 52 رنزکسی کام نہ آئے۔دوسرے سیمی فائنل میں لاہور وائٹس نے اسلام آباد کو 88 رنز سے مات دی،  فاتح ٹیم نے 6 وکٹ پرٹورنامنٹ کا سب سے بڑا مجموعہ 219 اسکور بورڈ پر سجایا، کامران اکمل نے 93 اور ایونٹ کی تیز ترین ففٹی جڑنے والے علی خان نے 51 رنز بنائے۔ جواب میں اسلام آباد کی ٹیم 8 وکٹ پر131 رنز بناسکی۔

عمرگل 30، سہیل خان 23 کی مزاحمت کرپائے۔ تفصیلات کے مطابق ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے ایونٹ کے پہلے سیمی فائنل میں کراچی نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جس پر راولپنڈی نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 9وکٹوں پر157رنز کا مجموعہ تشکیل دیا، نوید ملک نے یاد گار 90رنز کی اننگز کھیلی جبکہ سعود شکیل نے25 رنز بنائے، کراچی کی جانب سے رضا حسن ، راحت علی اور محمد سمیع نے 2،2کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی،  ارشد اقبال نے ایک وکٹ حاصل کی۔  جواب میں دلچسپ مقابلے کے بعدکراچی کی ٹیم مقررہ اوور میں 4وکٹوں پر 151رنز بنا سکی،  فواد عالم نے 52 رنزکی ناٹ آؤٹ اننگز کھیلی لیکن وہ کراچی کو فتح نہ دلا سکے، اویس ضیا 40 ،شعیب ملک اور خرم منظور 23،23رنز بنا کر نمایاں رہے۔

شاندار بیٹنگ پر نوید ملک میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔ دوسرے میچ میں اسلام آباد نے ٹاس جیت کر لاہور کو پہلے کھیلنے کی دعوت دی جس پر لاہور نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں کپتان کامران اکمل اور بعد میں علی خان کی طوفانی اننگز کی بدولت ایونٹ کا سب سے بڑا 219کا مجموعہ تشکیل دیا ،کامران اکمل نے 52گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 93رنز کی شاندار اننگز کھیلی جبکہ علی خان نے21گیندوں پر تیز ترین نصف سنچری مکمل کی وہ 22گیندوں پر 51رنز بناکر آؤٹ ہوئے، سلمان بٹ 23رنز بنا کر نمایاں رہے۔

سہیل خان نے 2 جبکہ عمر گل اور احمد بشیر نے ایک ایک وکٹ حاصل کی، اسلام آبا دکی ٹیم جوابی اننگز میں مقررہ اوور میں 8 وکٹوں پر 131رنز بنا سکی، عمر گل نے سب سے زیادہ 30رنز ناٹ آؤٹ بنائے،  سہیل خان 23رنز بنا کر نمایاں رہے،عمید آصف، عماد بٹ اور بلال آصف نے2،2 جبکہ ظفر گوہر نے ایک وکٹ حاصل کی۔ عمدہ بیٹنگ پر کپتان کامران اکمل میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔ فائنل  منگل کی سہ پہر3بجے لاہور وائٹس اور راولپنڈی کے درمیان ملتان میں ہی کھیلا جائے گا۔