سرفراز احمد کو ورلڈ کپ تک کپتان بنانے کا فیصلہ نہیں کیا، چیئرمین پی سی بی

چئیرمین پی سی بی احسان مانی کا کہنا ہے کہ سرفراز احمد کو ورلڈ کپ تک کپتان بنانے کا فیصلہ نہیں کیا، سلیکشن کمیٹی نے سفارش کی تو غور کیا جائے۔

قذافی اسٹیڈیم لاہور میں شیڈول قائد اعظم ون ڈے کپ کے فائنل میچ میں بطور مہمان خصوصی شرکت کے بعد میڈیا سے غیر رسمی بات چیت میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین کا کہنا تھا کہ یہ تاثر غلط ہے کہ سرفراز احمد کی جگہ اظہر علی کو ٹیسٹ ٹیم کا کپتان بنانے کے لئے ریٹائرمنٹ لی گئی، ون ڈے کو خیر باد کہنے کا فیصلہ ان کا ذاتی ہے۔

چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ سرفراز احمد کو ورلڈ کپ تک کپتان بنانے کا فیصلہ نہیں کیا، اس حوالے سے سلیکشن کمیٹی نے سفارش کی تو غور کیا جائے جب کہ ورلڈ کپ سے قبل انگلینڈ میں ون ڈے سیریز کھیلنے کا ٹیم کو فائدہ ہوگا۔

احسان مانی نے کہا کہ جسٹس قیوم رپورٹ کے حوالے سے سیاق و سباق سے ہٹ کر بات کی گئی، رپورٹ میں وسیم اکرم کو عہدہدینے کے حوالے سے کوئی ممانعت نہیں، دوہری ذمہ داریوں کے حوالے سے پالیسی بنائی جا رہی ہے، جن کوچز اور دوسرے عہدیداروں کے معاہدے ہو چکے ہیں، ان کو راتوں رات ختم نہیں کیا جا سکتا۔

ایک سوال پر چیئرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ دنیا بھر میں کرکٹ کمیٹیاں کام کرتی ہیں، اس طرز کی کمیٹیاں تجاویز دینے کے لئے بنائی جاتی ہیں تاہم محسن خان اور مکی آرتھر تنازعہ پر بات نہیں کروں گا۔

احسان مانی نے مزید کہا کہ سابق کپتان سلمان بٹ کی سلیکشن سے کسی کو نہیں روکا، ان کو قومی اسکواڈ کا حصہ بنانے یا نہ بنانے کا اختیار سلیکشن کمیٹی کے پاس ہے۔