پہلے ٹی ٹوئنٹی میں پاکستان نے آسٹریلیا کو آؤٹ کلاس کرتے ہوئے 66 رنز سے شکست دے دی۔
ابوظہبی کے شیخ زید اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں آسٹریلوی کپتان نے ٹاس جیتا اور پہلے پاکستان کو بیٹنگ کرنے کی دعوت دی۔ قومی ٹیم کی جانب سے فخر زمان اور بابر اعظم نے اننگز کا آغاز کرتے ہوئے پہلی وکٹ پر 32 رنز جوڑے، پاکستان کو پہلا نقصان فخر زمان کی صورت میں ہوا جو 14 کے انفرادی اسکور پر کیچ آؤٹ ہوئے جس کے بعد دوسری وکٹ پر محمد حفیظ نے بابر اعظم کے ساتھ مل کر 73 رنز کی شراکت داری قائم کی اور اسکور 105 تک پہنچا دیا تاہم محمد حفیظ 39 رنز پر ساتھ چھوڑ گئے۔
اوپنر بابر اعظم وکٹ کے ایک اینڈ پر جمے رہے جب کہ دوسرے اینڈ پر بیٹسمین ایک ایک کرکے آؤٹ ہوتے رہے، آصف علی 2، حسین طلعت 9، فہیم اشرف صفر، کپتان سرفراز احمد صفر، شاداب خان ایک اور عماد وسیم صفر پر پویلین لوٹ گئے۔ آخری اووز میں حسن علی نے بابر اعظم کے ساتھ مل کر 22 رنز جوڑے اور ٹیم کے مجموعے کو 155 رنز تک پہنچایا۔ بابر اعظم 68 اور حسن علی 17 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ پاکستان کے چھ کھلاڑی ڈبل فیگر میں بھی داخل نہ ہوسکے۔
آسٹریلیا کی طرف سے اسٹین لیک اور اینڈریو ٹائی نے تین تین وکٹیں حاصل کیں، جب کہ زمپا اور شارٹ کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔
قومی بالرز کی شاندار بالنگ کی بدولت ہدف کے تعاقب میں کینگروز کی بیٹنگ لائن مکمل طور پر ناکام ہوگئی اور پوری ٹیم 89 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔عماد وسیم نے پہلے ہی اوور میں فنچ کو صفر اور شارٹ کو 4 رنز پر پویلین کی راہ دکھائی، جس کے بعد میکس ویل 2 رنز پر فہیم اشرف کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے جب کہ فخر زمان نے میک ڈرموٹ کو صفر پر رن آؤٹ کردیا۔
پانچویں آؤٹ ہونے والے بیٹسمین کیرے تھے جو ایک رن پر عماد وسیم کا شکار بنے جب کہ لین 14 رنز بنا کر فہیم اشرف کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے، ساتویں آؤٹ ہونے والے بیٹسمین ایگر تھے جو 19 رنز پر حسن علی کی گیند پر وکٹ کے پیچھے سرفراز احمد کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے، زپما اور ٹائی کو شاہین آفریدی نے پویلین کی راہ دکھائی جب کہ آخری آؤٹ ہونے والے بیٹسمین کولٹر نائیل تھے جو شاداب خان کی گیند پر بولڈ ہوئے، وہ 34 رنز بنا کر ٹاپ اسکورر رہے۔