پاکستان کپ کا میلہ کل سے پنڈی میں سجے گا

پاکستان کپ کا میلہ منگل سے پنڈی میں سجے گا، ابتدائی میچ پنجاب اور بلوچستان کے درمیان کھیلا جائیگا، دفاعی چیمپئن فیڈر ایریاز کی مہم خیبرپختونخوا کیخلاف بدھ کو شیڈول میچ سے شروع ہوگی ، فیڈرل ایریاز کے کپتان تجربہ کار وکٹ کیپر بیٹسمین محمد رضوان انٹرنیشنل تجربے کو ڈومیسٹک ایونٹ میں بروئے کار لانے کیلیے تیار ہیں۔

انھوں نے ہم بھی دیگر ٹیموں کی طرح فائنل میں رسائی اور ٹرافی جیتنے کو اپنا نصب العین بنائے ہوئے ہیں، ایونٹ کے تمام 11 میچز پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں ڈے اینڈ نائٹ شیڈول ہیں، فائنل 12 اپریل کو ہوگا۔فیڈرل ایریاز نے اب تک دو بار 2017 اور2018 میں مسلسل جیت رکھا ہے، ایونٹ میں ورلڈ کپ سے قبل تمام ملکی پلیئرز کو اپنی صلاحیتوں کے جوہر کھل کر دکھانے کا موقع پیش کررہا ہے، میگا ایونٹ کیلیے حتمی ٹیم کا اعلان بھی ایونٹ کی تکمیل پر متوقع ہے، رضوان اب تک آسٹریلیا سے یواے ای میں جاری سیریز میں دو سنچریاں بناکرخطرناک عزائم کا اظہار کرچکے ہیں، وہ پاکستان کپ میں بھی اپنی ٹیم فیڈرل ایریاز کی کامیابی کیلیے بھی پراعتماد ہیں، رضوان منگل کو ایونٹ کے ابتدائی معرکے میں اپنی ڈومیسٹک سائیڈ کو بھی دستیاب ہوپائیں گے، انھوں نے اس حوالے سے کہا کہ دیگر سائیڈز کی طرح ہمارا ہدف بھی فائنل تک پہنچنا اور پھر ٹرافی جیتنا ہے۔

انفرادی طورپر میں چاہتا ہوں کہ اپنی عمدہ پرفارمنس کا سلسلہ پاکستان کپ میں بھی برقرار رکھ پائوں اور قابل مثال پرفارمنس پیش کروں، رضوان کیلیے انفرادی طور پر بھی پاکستان کپ سے اچھی یادیں وابستہ ہیں، 2018 میں انھوں نے پنجاب کی نمائندگی کرتے ہوئے چار اننگز میں 294 رنز جوڑ کر ایونٹ کے ٹاپ اسکورر کا اعزاز بھی سمیٹا تھا، اس میں ان کے 140 رنز اپنی موجودہ ٹیم فیڈرل ایریاز کیخلاف تھے جبکہ بلوچستان کیخلاف 124 رنز ناٹ آئوٹ نے پنجاب کی فتح میں کردار ادا کیا تھا۔فیڈرل ایریاز کو اس بار رضوان کے علاوہ دیگر کوالٹی پلیئرز احمد شہزاد اور صہیب مقصود کا ساتھ بھی میسر ہے، رضوان کو امید ہے کہ یہ دونوں بھی ٹیم کیلیے بہترین کھیل پیش کرپائیں گے۔راولپنڈی میں پیدا ہونے والے دائیں ہاتھ کے بیٹسمین نہال منصور سے بھی سلیکٹرز کو اچھی امیدیں ہیں، انھوں نے 15 اے لسٹ میچز میں 50.38 کی اوسط سے 655 رنز بناکر یہ موقع پایا ہے، اس میں انھوں نے گذشتہ اکتوبر میں قائداعظم ون ڈے کپ میں واپڈا کیخلاف پی ٹی وی کی نمائندگی کرتے ہوئے 133 رنز کی ناقابل شکست اننگز بھی کھیلی تھی۔