پاکستان نے پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں بنگلادیش کو 5 وکٹ سے شکست دیکر سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کرلی۔
لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں بنگلادیش کے کپتان محموداللہ نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے خود بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹ کے نقصان پر 141 رنز بنائے جب کہ پاکستان نے مطلوبہ ہدف 5 وکٹ کے نقصان پر پورا کیا۔
ہدف کے تعاقب میں بابراعظم اور احسان علی نے اننگز کا آغاز کیا تاہم کپتان پہلے ہی اوور کی دوسری گیند پر کھاتہ کھولے بغیر پویلین واپس لوٹ گئے جس کے بعد محمد حفیظ بیٹنگ کے لیے آئے اور صرف 17 رنز ہی بناسکے۔
شعیب ملک اور احسان علی نے ذمہ دارانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اسکور بورڈ کو آگے بڑھایا، احسان 36 رنز بناکرآؤٹ ہوئے، افتخار احمد 16 کے مہمان ثابت ہوئے اور عماد وسیم 6 رنز پر بولڈ ہوئے تاہم شعیب ملک نے ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے نصف سنچری اسکور کرکے ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا، وہ 58 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔
بنگلادیش کی جانب سے تمیم اقبال اور محمد نعیم نے ٹیم کو 71 رنز کا عمدہ آغاز فراہم کیا، تمیم اقبال 39 رنز بنانے کے بعد رن آؤٹ ہوئے جس کے بعد آنے والے بلے باز لٹن داس بھی 12 رنز بناکر رن آؤٹ ہوئے جب کہ محمد نعیم 43 رنز کی اننگز کھیلنے کے بعد شاداب خان کا شکار بنے۔
کپتان محمد اللہ نے عفیف حسین کے ساتھ اننگز کو آگے بڑھانے کی کوشش کی لیکن عفیف کو حارث رؤف نے بولڈ کرکے انٹرنیشنل کرکٹ میں اپنا پہلا شکار کیا۔ سومیا سرکار 7 رنز بنانے کے بعد پویلین واپس لوٹے، کپتان محمد اللہ 19 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔
قومی ٹیم کی جانب سے شاداب خان، حارث رؤف اور شاہین شاہ آفریدی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔