لاہور: قلعہ آسٹریلیا تسخیر کرنے کا عزم لیے پاکستانی ٹیم علامہ اقبال ایئرپورٹ لاہور سے روانہ ہوگئی ہے۔
کیریئر میں پہلی بار بابراعظم قیادت کا بوجھ اٹھانے کیلیے تیار ہیں، دیگر کھلاڑیوں میں فخرزمان، امام الحق، حارث سہیل، آصف علی،خوشدل شاہ، افتخار احمد، عماد وسیم، شاداب خان، محمد رضوان(وکٹ کیپر)،عثمان قادر، محمد عامر، محمد حسنین، وہاب ریاض، محمد عرفان، موسیٰ خان اور وہاب ریاض شامل ہیں۔
قومی ٹی ٹوئنٹی ٹیم سیریز سے قبل ایک وارم اپ میچ جمعرات کو کرکٹ آسٹریلیا الیون کیخلاف کھیلے گی، پہلا ٹی ٹوئنٹی3 نومبر کو سڈنی کرکٹ گراؤنڈ میں شیڈول ہے، دوسرا مقابلہ 5 تاریخ کو کینبرا جب کہ تیسرا 8 نومبر کو پرتھ میں ہوگا۔
کپتان بابراعظم کا کہنا ہے کہ جارح مزاج کینگروز کیخلاف مثبت کرکٹ کھیلتے ہوئے کامیابی حاصل کرینگے، قیادت کی وجہ سے ذمہ داری بڑھ گئی، اپنی اور ٹیم دونوں کی پرفارمنس پر توجہ دوں گا، آسٹریلیا میں باؤنسی پچز پر مقابلے کی تیاری کرلی، فخرزمان کے ساتھ خود اننگز کا آغاز کروں گا۔ پیس بیٹری اچھی ہے، شاداب خان کی فارم بھی لوٹ آئی۔
فیصل آباد میں ڈومیسٹک ٹورنامنٹ میں صلاحیتیں نکھارنے والے بیشتر کرکٹرز کی بہتر فارم ٹیم کیلیے خوش آئند ہے، البتہ ہمیشہ مشکل ثابت ہونے والی آسٹریلوی کنڈیشنز سے ہم آہنگی سخت چیلنج ثابت ہوگی، قومی ایونٹ میں واجبی کارکردگی دکھانے والے حارث سہیل اور عماد وسیم اعتماد کی بحالی کیلیے فکرمند ہوں گے۔