پی سی بی نے ڈومیسٹک کرکٹ کا ایک بار پھر تیاپانچہ کرنے کی تیاری مکمل کر لی، ریجنل ایسوسی ایشنز کا پتہ صاف کیا جا رہا ہے، تمام اختیارات اسپانسر کرنے والے ڈپارٹمنٹس کو مل جائیں گے،اس حوالے سے ہارون رشید منگل کو پریزنٹیشن دیں گے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان ابتدا سے ہی ڈپارٹمنٹل کرکٹ کے خلاف ہیں، اب ان کی ہدایت پر ہی بورڈ ڈومیسٹک نظام میں بڑے پیمانے پر تبدیلیاں لانے کی تیاری کر رہا ہے، البتہ اس حوالے سے مناسب پلان تیار نہیں کیا گیا، مجوزہ منصوبے کے تحت ریجنل ایسوسی ایشنزکا پتہ صاف ہو جائے گا اور تمام اختیارات اسپانسر کرنے والے ڈپارٹمنٹس کو مل جائیں گے، منگل کو ڈائریکٹر ڈومیسٹک ہارون رشید اس حوالے سے پریزنٹیشن دے رہے ہیں،8ریجنز کے فرسٹ کلاس ایونٹ میں کئی مسائل ہیں، ہر ڈپارٹمنٹ سے ایک، ایک ٹیم کو اسپانسر کرنے کا کہا جائے گا۔
انھوں نے پہلے ہی کئی کرکٹرز کو ملازم رکھا ہوا ہے، پھر ریجنل پلیئرز کا بھی انتخاب کرنا ہوگا،گریڈ ٹو کرکٹ کھیلنے والے ڈپارٹمنٹس سے اسی ایونٹ کی ٹیموں کو اسپانسر کرنے کا کہا جائے گا، کوچ، پلیئرزاور منیجرز کے انتخاب سمیت اہم فیصلے ڈپارٹمنٹس ہی کریں گے۔
اس سے ریجنزکا کردار انتہائی محدود ہو جائے گا، دلچسپ بات یہ ہے کہ ڈومیسٹک کرکٹ میں مجوزہ تبدیلیوں کیلیے بننے والی ٹاسک فورس ریجنل کرکٹ پر تو زور دے رہی ہے، البتہ اس حوالے سے سوائے ایک شہر کی ایسوسی ایشن کے کسی سے مشاورت تک گوارا نہ کی گئی، پی سی بی نے اگر اس تجویز پر عمل کیا تو یقینی طور پر سیکڑوں کرکٹرز بے روزگار ہو جائیں گے، اپنی نوکری پکی کرنے کیلیے حکام کی ہاں میں ہاں ملانے والے ہارون رشید نے اس حوالے سے جو متبادل پلان تیار کیا وہ زیادہ جاندار نہیں،اس حوالے سے کرکٹ کے حلقوں میں شدید بے چینی پائی جاتی ہے۔