پہلے ون ڈے میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 47 رنز سے شکست دیدی

دبئی کے شیخ زید اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں نیوزی کے 267 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستانی بیٹنگ لائن مکمل طور پر ناکام ہوگئی اور پوری ٹیم 219 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔

ٹرینٹ بولٹ نے ابتدا ہی میں گرین شرٹس کے ٹاپ آڈر کے پرخچے اڑاتے ہوئے شاندار ہیٹ ٹرک کی، بائیں ہاتھ کے فاسٹ بولر نے 8 کے مجموعے پر فخرزمان، بابر اعظم اور محمد حفیظ کو پویلین بھیج دیا جب کہ امام الحق 34 اور شعیب ملک 30 رنز بنا کر چلتے بنے۔

85 رنز پر 6 بیٹسمین آؤٹ ہونے کے بعد  کپتان سرفراز احمد نے آل راؤنڈر عماد وسیم کے ساتھ  103 رنز کی شراکت داری قائم کرکے ڈوبتی کشتی کو ساحل پر لانے کی کوشش کی تاہم وہ نیہ پار لگانے میں ناکام رہے اور 64 رنز پر بولڈ ہوگئے۔

عماد وسیم 50، شاداب خان 7، حسن علی 16،شاہین شاہ آفریدی صفر جب کہ جنید خان ناٹ آؤٹ رہے۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے بولٹ اور فرگوسن نے 3،3 جب کہ گرینڈ ہومے نے 2، ساؤتھی اور سوڈھی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

قبل ازیں کیوی کپتان کین ولیمسن نے ٹاس جیتا اور پہلے بیٹنگ کرنے کو ترجیح دی، نیوزی لینڈ کی پہلی وکٹ 13 کے مجموعی اسکور پر اس وقت گری جب شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر ورکر وکٹ کے پیچھے کیچ آؤٹ ہوئے، انہوں نے صرف 1 رن بنایا جب کہ منرو 29 اور کپتان ولیمسن 27 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

78 پر تین کھلاڑیوں کے پویلین لوٹنے کے بعد تجربہ کار بیٹسمین روس ٹیلر نے لیتھم کے ساتھ مل کر 130 رنز کی شراکت داری کرکے ٹیم کی پوزیشن کو مستحکم بنایا، لیتھم 68 رنز بنا کر شاداب خان کا شکار بنے، نوجوان اسپنر اگلی ہی گیند پر نکولس کو چلتا کیا جب کہ وہ ہیٹ ٹرک میں کامیاب نہ ہوسکے اور ایک گیند کے بعد گرینڈ ہومے کو بھی پویلین کی راہ دکھا دی، دو رنز کے اضافے کے ساتھ روس ٹیلر بھی 80 رنز پر عماد وسیم کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔

210 کے مجموعے پر 7 کھلاڑیوں سے ہاتھ دھونے کے بعد ایک بار پھر کیوی بیٹسمینوں نے فائٹ بیک کیا اور اسکور کو 266 رنز تک پہنچا دیا، نیوزی لینڈ نے مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 266 رنز بنا کر پاکستان کو جیت کے لیے فائٹنگ اسکور دیا۔

پاکستان کی جانب سے نوجوان فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی اور اسپنر شاداب خان نے 4،4 وکٹیں حاصل کیں جب کہ عماد وسیم کے حصے میں ایک وکٹ آئی۔

واضح رہے کہ پاکستان نے ون ڈے سیریز سے قبل ٹی20 میچوں میں کلین سوئپ کیا تھا تاہم نیوزی لینڈ ون ڈے فارمیٹ میں گزشتہ 11 مقابلوں میں ناقابل شکست تھی۔