مشکل دورے میں بہتر کارکردگی کا عزم لیے پاکستانی ٹیم نے جنوبی افریقہ میں ڈیرے ڈال دیے جب کہ یاسر شاہ چند روز بعد جوائن کریں گے۔
روانگی سے قبل کراچی ایئرپورٹ پرمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کپتان سرفراز احمد نے کہاکہ ہمیں ماضی کی غلطیوں سے سبق سیکھنا ہوگا، کامیابی کی سوچ لے کر دورے پرجا رہے ہیں،سیریز میں بیٹسمینوں کو ذمہ داری ادا کرنا ہوگی، سیریز میں فاسٹ بولرز کا کردار اہم رہے گا،کپتان کے ہمراہ اسد شفیق اور شان مسعود بھی جوہانسبرگ روانہ ہوئے۔
کپتان نے نیوزی لینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں شکست پرکہا کہ جو ہونا تھا وہ ہوگیا، سیریز گزر گئی۔ اب ہماری تمام تر توجہ جنوبی افریقہ کے ٹور پر ہے، سیریز میں بہترین کھیل پیش کرنے کی کوشش کریں گے۔
سرفرازاحمد نے کہا کہ باؤنسی وکٹوں پر فاسٹ بولرز کا کرداراہم جبکہ بیٹسمینوں پربھی بھاری ذمہ داری عائد ہوگی،ہم اپنی اننگز کو طول دینے کی کوشش کریں گے، کپتان نے کہا کہ مشکل سیریز میں میزبان سائیڈ کے خلاف کامیابی پانے کیلیے پاکستانی ٹیم کوکھیل کے تینوں شعبوں میں بہتر کارکردگی دکھانی ہوگی۔
ایک سوال پر سرفراز احمد نے کہا کہ شکست پر تنقید تو سہنا پڑتی ہے۔ اب قوم پاکستان ٹیم کی کامیابی کیلیے دعا کرے۔ کپتان جنوبی افریقی کنڈیشنز میں مثبت کرکٹ کو ہی مشکلات کا حل سمجھتے ہیں، انھوں نے کہاکہ میچز میں بہتر مجموعہ حاصل کرنے کیلیے اسد شفیق اور اظہر علی کا کردار اہم ہوگا، ڈومیسٹک کرکٹ میں فارم بحال کرنے والے محمد عامر کا تجربہ بھی ہمارے کام آسکتا ہے۔
واضح رہے کہ پاک جنوبی افریقہ سیریزکا پہلا ٹیسٹ 26 دسمبر سے سنچورین میں کھیلا جائے گا، دونوں ٹیمیں اس کے بعد مزید 2 ٹیسٹ جبکہ5 ون ڈے اور 3 ٹوئنٹی 20 میچز میں بھی مقابل ہوںگی۔