بھارت نے بالآخر پاکستانی کرکٹ ٹیم کو ویزے جاری کردیے  

بھارت نے بالآخر ورلڈ کپ 2023 میں شرکت کے لئے پاکستان کی قومی کرکٹ ٹیم کو ویزے جاری کردیے۔ 
پاکستانی ٹیم کو ویزوں کی منظوری پی سی بی کی جانب سے آئی سی سی کو خط ارسال کرنے کے چند گھنٹے بعد دی گئی۔ پاکستان ٹیم کو ویزے روانگی سے 48 گھنٹے سے بھی کم وقت قبل دیے گئے ہیں۔
 
پاکستانی ٹیم کی منگل اور بدھ کی رات کو براستہ دبئی بھارت روانگی طے ہے۔ تاہم، پاکستان کے لیے ان ویزوں کو حاصل کرنا آسان سفر نہیں تھا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے بھارتی ویزوں کے حصول میں نمایاں تاخیر کی وجہ سے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) سے باضابطہ طور پر عدم اطمینان کا اظہار کیاتھا۔ آئی سی سی سے اپنے تحریری رابطے میں، پی سی بی نے اپنے تحفظات کا اظہار کیا اور میزبان ممبر کے معاہدے کی نشاندہی کی جو اس نوعیت کے بین الاقوامی کھیلوں کے مقابلوں کو کنٹرول کرتا ہے۔ 
دنیائے کرکٹ کے سب سے بڑے ایونٹ ورلڈ کپ 2023 کا میلہ 5 اکتوبر سے 19 نومبر تک بھارت میں سجے گا۔ 
ورلڈ کپ سے قبل پاکستانی ٹیم 29 ستمبر کو نیوزی لینڈ اور 3 اکتوبر کو آسٹریلیا کے خلاف دو وارم اَپ میچ کھیلے گی۔ پاکستان ٹیم ورلڈ کپ میں اپنا پہلا باضابطہ میچ 6 اکتوبر کو نیدر لینڈ کے خلاف کھیلے گی۔