پاکستان کلین سوئپ کی عادت پوری کرنے کیلیے بیتاب ہے تاہم کیویز کیخلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کا تیسرا اور آخری میچ اتوار کودبئی میں کھیلا جائیگا۔
پاکستان نے نیوزی لینڈ کو دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں 6 وکٹوں سے شکست دیتے ہوئے 0-2 سے فیصلہ کن برتری کیساتھ مسلسل 11 ویں سیریز جیتنے کا ریکارڈ قائم کیا،لگاتار11 بار ہدف کے کامیاب تعاقب کا عالمی ریکارڈ بھی بنا ڈالا، ایک کیلنڈر ایئر میں 16 فتوحات کے ساتھ دنیا بھر کی ٹیموں کو پیچھے چھوڑ دیا،اب گرین شرٹس کی نگاہیں مسلسل چوتھے کلین سوئپ پر مرکوز ہیں۔
پاکستان نے رواں سال کے آغاز میں کیویز کیخلاف سیریز2-1 سے جیتی تھی، اس کے بعد ویسٹ انڈیز کو کراچی میں 3-0سے کلین سوئپ کیا، اسکاٹ لینڈ کواس کے ہوم گراؤنڈز پر 2-0سے زیر کیا،یواے ای میں کیویز کا استقبال کرنے سے قبل کینگروز کو 3-0سے کلین سوئپ کیا،اس دوران پاکستان نے زمبابوے میں سہ ملکی سیریز بھی جیتی، تاہم دوملکوں کے باہمی مقابلوں میں مسلسل 3سیریز میں حریفوں کو ایک میچ میں بھی کامیاب نہیں ہونے دیا۔
یواے ای میں ابھی تک لگاتار 5فتوحات کا اعتماد لیے میدان میں اترنے والے گرین شرٹس اتوار کو کھیلے جانے والے تیسرے میچ میںکیویز کی مزاحمت کوکچلنے کیلیے تیار ہیں، پلیئنگ الیون میں کسی تبدیلی کا امکان نہیں، بابر اعظم اور محمد حفیظ چھکے چھڑانے کی کوشش کریں گے، فخرزمان نے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں اچھا آغاز کیا تھا لیکن اننگز کو طول نہیں دے سکے،اس بار بھرپور فارم میں آنے کے خواہاں ہوں گے۔
ون ڈے سیریز سے قبل شعیب ملک ایک بڑی اننگز کھیل کر اپنے بیٹ پر جمی گرد جھاڑنے کیلیے کوشاں ہوں گے، شاہین آفریدی ایک بار پھر مرکز نگاہ اور ہوں گے، حسن علی بھی گزشتہ میچ کی ناکامی کا ازالہ کرنے کا عزم لیے میدان میں اتریں گے، ون ڈے سیریز سے قبل کم از کم ایک فتح کے ساتھ اعتماد کی بحالی کے سفر میں مہمان ٹیم کی امیدوں کا مرکز جارح مزاج کولن منرو ہوں گے، کورے اینڈرسن بھی چند اوورز میں ہی میچ کا نقشہ پلٹنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
کپتان کین ولیمسن بھی دفاعی خول سے باہر نکلنے کی کوشش کریں گے، پیس بیٹری میں ٹم ساؤدی کا تجربہ میزبان ٹیم کے کام آسکتا ہے، کیویز نے پنچ پاور آزمانے کا فیصلہ کیا تو لوکی فرگوسن اور سیتھ رینس کو موقع دیا جاسکتا ہے۔دبئی کی کنڈیشنز میں ٹاس جیتنے والی ٹیم پہلے بیٹنگ کو ترجیح دے گی لیکن امید ہے کہ پر اعتماد گرین شرٹس ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے بھی کسی گھبراہٹ کا شکار نہیں ہوں گے۔
’’ایکسپریس‘‘ سے گفتگو کرتے ہوئے کپتان سرفراز احمد نے کہا کہ یواے ای کی مشکل کنڈیشنز کا تمام ٹیموں کے بولرز نے فائدہ اٹھایا،آخری 5اوورز میں بیٹسمینوں کو زیادہ رنز بنانے کا موقع نہیں مل رہا، اننگز کے وسط میں بال کم ضائع ہوں اورآخر میں بہترکوشش کریں تو مجموعہ 160تک پہنچانا مشکل نہیں ہے، محمد حفیظ زبردست فارم میں ہیں، بابر اعظم بھی اچھا کھیل رہے ہیں، بولرز بھی بھرپور ردھم میں اورفیلڈرزساتھ دے رہے ہیں۔
سرفراز احمد نے کہا کہ کینگروز بڑے اسٹروکس کھیلنے کا مزاج رکھتے ہیں، کیویز نے وکٹ پر ٹھہرنے کی کوشش میں ان سے زیادہ زیادہ مزاحمت کی، فتوحات کا سلسلہ برقرار رکھتے ہوئے سیریز کا نتیجہ 3-0کرنے کیلیے پرعزم ہیں۔