نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلے جارہے دوسرے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں قومی ٹیم 297 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔
کرائسٹ چرچ کے ہیگلے اوول میں کھیلے جارہے میچ کے پہلے دن نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی، شان مسعود اور عابد علی پاکستان کی جانب سے بیٹنگ کے آغاز کے لیے میدان میں اترے تو شان مسعود گزشتہ روایت کو نہ توڑتے ہوئے اپنا کھاتہ کھولے بغیر ہی واپس لوٹ گئے۔
دوسری وکٹ پر عابد علی اور اظہر علی نے 62 رنز کی شراکت قائم کی، عابد علی بھی 25 رنز بنا کر واپس گئے۔ حارث سہیل ایک بار پھر ناکام ثابت ہوئے اور صرف ایک رنز بناکر پویلین واپس لوٹ گئے، پچھلے میچ کے سنچری میکر فواد عالم بھی ناکام رہے اور صرف 2 رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔
اظہر علی اور کپتان محمد رضوان کے درمیان 88 رنز کی شراکت قائم ہوئی، رضوان نے ایک اور نصف سنچری بناکر ذمہ داری کا ثبوت دیا اور 61 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے جس کے بعد فہیم اشرف نے اظہر علی کے ساتھ اسکور کو آگے بڑھایا تاہم کیویز بولرز کے آگے مزاحمت کی تصویر بنے اظہر علی کی ہمت بھی 93 رنز پر جواب دے گئی۔
بعد ازاں فہیم اشرف اور ڈیبیو کرنے والے ظفر گوہر نے بھی اچھی شراکت قائم کی، فہیم 48 اور ظفر گوہر 34 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے، شاہین آفریدی 4، نسیم شاہ 12 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے کائلز جمیسن نے 5، ٹم ساؤتھی اور ٹرینٹ بولٹ نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔
واضح رہے کہ نیوزی لینڈ کو 2 ٹیسٹ میچز کی سیریز میں پہلے ہی ایک صفر کی ناقابل شکست برتری حاصل ہے۔