جنوبی افریقا کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں پاکستانی ٹیم 181 رنز پر پویلین لوٹ گئی، جواب میں پہلے دن کے اختتام تک میزبان ٹیم نے 5 وکٹ کے نقصان پر 127 رنز بنالیے ہیں۔
پاکستان اور جنوبی افریقا کے درمیان اسپورٹس پارک سنچورین میں کھیلے جارہے پہلے ٹیسٹ میچ میں پاکستانی بیٹنگ لائن ایک بار پھر ناکام ہوگئی اور پوری ٹیم 181 رنز پر پویلن لوٹ گئی جس کے جواب میں میزبان ٹیم نے 5 وکٹ پر 127 رنز بنالیے ہیں اور یوں انہیں پاکستان کا اسکور برابر کرنے کے لیے مزید 54 رنز بنانے ہوں گے۔
ایڈن مرکرم اور ڈین ایلگر نے اننگز کا آغاز کیا ، حسن علی نے 19 رنز کے مجموعی اسکور پر ایڈن کو 12 رنز پر پویلین واپس بھیجاجس کے بعد ہاشم آملہ بیٹنگ کے لیے آئے لیکن محمد عامر نے انہیں 8 رنز پر ہی آؤٹ کردیا۔ شاہین شاہ آفریدی نے ایلگر کو 22 رنز پر شکار کیا اور اگلی ہی گیند پر کپتان فاف ڈپلسی کو کھاتہ کھولے بغیر ہی پویلین واپس بھیج دیا۔
اس سے قبل پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، پاکستان کی جانب سے اننگز کا آغاز امام الحق اور فخرزمان نے کیا تاہم دونوں اوپنرز صرف 17 کے مجموعی اسکور پر آؤٹ ہوگئے، فخرزمان نے 12 رنز بنائے جب کہ امام الحق بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔
انجرڈ حارث سہیل کی جگہ ٹیم میں شامل ہونے والے شان مسعود بھی متاثر کن کارکردگی نہ دکھاسکے اور صرف 19 رنز پر آؤٹ ہوگئے جس کے بعد تجربہ کار بلے باز اسد شفیق میدان میں اترے مگر ان کی اننگز بھی صرف 7 رنز تک ہی محدود رہی، مڈل آرڈر بلے باز اظہر علی نے کچھ دیر مزاحمت کی تاہم وہ بھی اپنی اننگز کو 36 سے آگے نہ لے جاسکے جب کہ کپتان سرفراز احمد نے کھاتہ کھولنے کی بھی زحمت نہیں کی۔
بابراعظم نے ذمہ دارنہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے نصف سنچری اسکور کی اور پاکستان کا ٹوٹل مستحکم کیا، وہ 71 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جب کہ حسن علی نے بھی بابراعظم کا بھرپور ساتھ دیا اور وہ 20 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔
جنوبی افریقا کی جانب سے ڈیان اولیور نے 6، کگیسو رابادا نے 3 اور ڈیل اسٹین نے ایک کھلاڑی کو پویلین کی راہ دکھائی۔
واضح رہے کہ اسی گراؤنڈ پر 8 سال پہلے گریم اسمتھ اینڈ کمپنی نے پاکستانی ٹیم کو ایک اننگز اور 18 رنز سے شکست دی تھی۔