آسٹریلیا نے ابوظہبی ٹیسٹ میں پہلی اننگز میں کھیل کے اختتام پر 2 وکٹوں کے نقصان پر 20 رنز بنا لیے جب کہ قومی ٹیم پہلی اننگز میں 282 رنز پر آؤٹ ہوگئی تھی۔
ابوظہبی کے شیخ زید اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے دوسرے ٹیسٹ میچ میں قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر آسٹریلیا کے خلاف پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو درست ثابت نہ ہوسکا اور لنچ سے پہلے ہی آدھی ٹیم صرف 57 رنزپر پویلین واپس لوٹ گئی۔
قومی ٹیم کی جانب سے محمد حفیظ اور فخرزمان نے اننگز کا آغاز کیا لیکن حفیظ چوتھے ہی اوور میں مچل اسٹارک کا شکار بن گئے وہ صرف 4 رنز بناسکے جس کے بعد اظہر علی بیٹنگ کے لیے آئے اور فخرزمان کے ساتھ ملکر 52 رنز کی شراکت قائم کی تاہم اس کے بعد آسٹریلین اسپنر ناتھن لیون نے کسی کی چلنے نہ دی اور صرف 6 گیندوں پر 4 کھلاڑیوں کو پویلین بھیج کر پاکستانی بیٹنگ لائن کی کمر توڑ دی۔
اظہر علی 15 رنز پر ناتھن لیون کا شکار بنے جب کہ اسپنر نے حارث سہیل، اسد شفیق اور بابر اعظم کو کھاتہ کھولنے کی بھی مہلت نہ دی۔ کھانے سے وقفے سے قبل ہی آدھی ٹیم کے صرف 57 رنز پر پویلین لوٹ جانے کے بعد کپتان سرفراز خود بیٹنگ کے لیے آئے اور اوپننگ بلے باز فخرزمان کے ساتھ ملکر محتاط انداز میں بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کا اسکور آگے بڑھایا۔
فخرزمان اور سرفراز احمد نے چھٹی وکٹ کے لیے 147 رنز کی قیمتی شراکت قائم کی اس دوران دونوں بلے بازوں نے اپنی نصف سنچریاں مکمل کیں، فخرزمان ڈیبیو ٹیسٹ میں ہی نروس نائینٹیز کا شکار ہوگئے اور صرف 6 رنز کی کمی سے سنچری مکمل نہ کرسکے جس کے بعد بلال آصف بیٹنگ کے لیے آئے اور 12 رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔
بعد ازاں کپتان سرفراز احمد بھی 6 رنز کی کمی سے اپنی سنچری مکمل نہ کرسکے اور 94 رنز پر لیبسچگنی کا شکار بنے جب کہ یاسر شاہ 28 رنز بناکر پویلین واپس لوٹے۔ آسٹریلیا کی جانب سے ناتھن لیون نے 4، لیبسچگنی نے 3 ، مچل مارش اور مچل اسٹاک نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
آسٹریلیا نے پاکستان کی پہلی اننگز کے 282 رنز کے جواب میں بیٹنگ شروع کی تو محمد عباس کی نپی تلی بالنگ کے باعث کینگروز کے 2 کھلاڑی صرف 20 کے مجموعے پر پویلین لوٹ گئے، اوپنر عثمان خواجہ 3 اور نائٹ واچ مین پیٹر سڈل 4 رنز پر چلتے بنے جس کے بعد کھیل ختم کردیا گیا۔
پاکستان کی جانب سے دو کھلاڑیوں کو ٹیسٹ کیپ دی گئی ہے، پہلے میچ میں ان فٹ ہونے والے امام الحق کی جگہ فخر زمان کو ٹیسٹ کیپ دی گئی ہے جب کہ وہاب ریاض کی جگہ میر حمزہ کو ٹیسٹ ڈیبیو کا موقع دیا گیا۔
قومی ٹیم کپتان سرفراز احمد، محمد حفیظ، اظہر علی، حارث سہیل، اسد شفیق، بابر اعظم، فخر زمان، بلال آصف، یاسر شاہ، محمد عباس اور میر حمزہ پر مشتمل ہے۔
آسٹریلین ٹیم کی قیادت ٹم پین کررہے ہیں جب کہ دیگر کھلاڑیوں میں عثمان خواجہ، ایرون فنچ، شان مارش، مچل مارش، ٹریوس ہیڈ، لیبسچگنی، مچل اسٹارک، پیٹر سڈل، ناتھن لیون اور جیمز ہولاند شامل ہیں۔
واضح رہے پہلے ٹیسٹ میں آسٹریلین بلے بازوں نے عمدہ بیٹنگ کے ذریعے میچ ڈرا کرکے پاکستان کو یقینی فتح سے محروم کردیا تھا۔