پاکستان کرکٹ بورڈ نے گورننگ بورڈ کے باغی ارکان کے ساتھ آہنی ہاتھوں کے ساتھ نمٹنے کی حکمت عملی تیارکرلی۔
پی سی بی نے گورننگ بورڈ کے 2 ارکان کوشوکازنوٹس جاری کردیا، پی سی بی کی طرف سے ریجنل کرکٹ ایسوسی ایشن کوئٹہ کے صدرشاہ دوست اور ریجنل کرکٹ ایسوسی ایشن فاٹا کے صدرکبیر احمد خان کو نوٹسز جاری کئے گئے ہیں۔
شوکاز نوٹس میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ 17 اپریل کو کوئٹہ میں پریس کانفرنس کرکے انھوں نے پی سی بی قوانین کی خلاف ورزی کی ہے،نوٹسز میں بورڈ ارکان کوایک ہفتے کے اندر جواب داخل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
سیالکوٹ ریجن کرکٹ ایسوسی ایشن کے صدر نعمان بٹ کو بھی این سی اے لاہور میں پی پی سی بی کے ٹربیونل کے سامنے پیش ہونے کے لیے کہا گیا ہے، مزید معلوم ہوا ہے کہ گورننگ بورڈ کے باغی گروپ سے لاہور ریجن کے صدر شاہ ریز روکھڑی نے علیحدگی اختیارکرکے پی سی بی کی باقاعدہ حمایت کردی۔
ذرائع کے مطابق پی سی بی گورننگ بورڈ کے لاہور ریجن کے صدر شاہ روریز روکڑی نے بورڈ پالیسیوں پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے باغی گروپ کا ساتھ دینے کو غلطی تسلیم کیا ہے۔ شاہ ریز روکھڑی نے اپنے موقف سے پی سی بی کو آگاہ کردیا ہے کہ جو کچھ ہوا غلطی فہمی کی بنا پرہوا۔
دوسری جانب نعمان بٹ اپنی معطلی کیخلاف لاہور ہائیکورٹ پہنچ گئے، ان کا کہنا ہے کہ انھیں پی ایس ایل پروڈکشن رائٹس اور ذاکر خان کو انٹرنیشنل کرکٹ کا ڈائریکٹر بنانے سے متعلق سوالات اٹھانے پر ہدف بنایا گیا ہے۔